اوچ شریف کے تاریخی مزارات کی تزئین وآرائش،63 کروڑ روپے سے زائد کے ترقیاتی منصوبے جاری: کمشنر مسرت جبیں

حضرت جلال الدین سرخ پوش بخاری، حضرت مخدوم جہانیاں جہاں گشت، بی بی جیوندی، حضرت بہاول حلیم اور دیگر مزارات کی مکمل مرمت و تزئین کی جائے گی، جو نہ صرف روحانی سیاحت کو فروغ دے گا بلکہ ملکی و غیر ملکی زائرین کے لیے ایک پرکشش مقام بن جائے گا۔
زائرین کے لیے 9.5کروڑ روپے کی لاگت سےخصوصی سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں، جن میں شاندار داخلی گیٹ، وسیع پارکنگ ایریا، وضو خانے، واش رومز، اور پینے کے صاف پانی کا بندوبست شامل ہے۔ اس کے علاوہ 9 مزارات کو ملانے والی سڑک پر ٹائلز نصب کی جائیں گی جبکہ ایک کرافٹ بازار بھی تعمیر کیا جائے گا تاکہ مقامی ہنرمندوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جا سکیں
تمام محکمے باہمی ہم آہنگی سے کام کریں اور ہر اسکیم کو روزانہ کی بنیاد پر چیک کیا جائے۔ , کسی بھی قسم کی سستی یا ناقص کارکردگی برداشت نہیں کی جائے گی،یہ منصوبے نہ صرف خطے کے تاریخی ورثے کو محفوظ بنانے کی طرف ایک اہم قدم ہیں بلکہ جنوبی پنجاب میں سیاحت، معیشت اور مقامی ترقی کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوں گے:کمشنر بہاول پور ڈویژن
بہاول پور:19/اپریل (پریس ریلیز )کمشنر بہاول پور ڈویژن مسرت جبیں نے کہا ہے کہ حکومت جنوبی پنجاب کے تاریخی اور روحانی ورثے کو محفوظ بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، جن کے تحت اوچ شریف میں واقع صدیوں پرانے مزارات کی تزئین و آرائش اور بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔ یہ بات انہوں نے اوچ شریف کے دورے کے موقع پر دربار محبوب سبحانی سید جلال الدین سرخ پوش بخاری اور دیگر مزارات پر جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے کہی۔کمشنر کو جاری منصوبوں پر ایک تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ ان منصوبوں پر مجموعی لاگت کا تخمینہ 63 کروڑ روپے سے زائد ہے۔ ان منصوبوں میں مزارات کی بحالی، ملحقہ مساجد کی تعمیر و مرمت، زائرین کے لیے جدید سہولیات کی فراہمی، اور سیاحتی ترقیاتی اقدامات شامل ہیں۔
کمشنر مسرت جبیں نے بتایا کہ 9.5 کروڑ روپے کی لاگت سے زائرین کے لیے خصوصی سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں، جن میں شاندار داخلی گیٹ، وسیع پارکنگ ایریا، وضو خانے، واش رومز، اور پینے کے صاف پانی کا بندوبست شامل ہے۔ اس کے علاوہ 9 مزارات کو ملانے والی سڑک پر ٹائلز نصب کی جائیں گی جبکہ ایک کرافٹ بازار بھی تعمیر کیا جائے گا تاکہ مقامی ہنرمندوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔انہوں نے واضح کیا کہ حضرت جلال الدین سرخ پوش بخاری، حضرت مخدوم جہانیاں جہاں گشت، بی بی جیوندی، حضرت بہاول حلیم اور دیگر مزارات کی مکمل مرمت و تزئین کی جائے گی، جو نہ صرف روحانی سیاحت کو فروغ دے گا بلکہ ملکی و غیر ملکی زائرین کے لیے ایک پرکشش مقام بن جائے گا۔کمشنر نے اس موقع پر منصوبوں کی معیاری اور بروقت تکمیل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام محکمے باہمی ہم آہنگی سے کام کریں اور ہر اسکیم کو روزانہ کی بنیاد پر چیک کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی سستی یا ناقص کارکردگی برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ ترقیاتی فنڈز کا 100 فیصد مؤثر استعمال یقینی بنایا جائے گا۔یہ منصوبے نہ صرف خطے کے تاریخی ورثے کو محفوظ بنانے کی طرف ایک اہم قدم ہیں بلکہ جنوبی پنجاب میں سیاحت، معیشت اور مقامی ترقی کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوں گے۔