ٰپنجاب کابینہ نے فنکاروں،گلوکاروں،رائٹرز اور دیگر آرٹسٹ کیلئے 50کروڑ روپے کا انڈوومنٹ قائم کرنیکی منظوری دی ہے:محسن نقوی
لاہور26ستمبر:-نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی سے آ ج وزیراعلیٰ آفس میں فنکاروں کے وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے فنکاروں کے مسائل سنے او ران کے حل کیلئے یقین دہانی کرائی۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے فنکاروں کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آرٹسٹ کی کوئی پنشن نہیں،بڑھاپے میں بھی وہ محنت کرتاہے پنجاب کابینہ نے فنکاروں،گلوکاروں،رائٹرز اور دیگر آرٹسٹ کے لئے 50کروڑ روپے کا انڈوومنٹ قائم کرنے کی منظوری دی ہے۔پنجاب کابینہ کے منظور کردہ انڈوومنٹ فنڈ سے فن سے وابستہ تمام افراد مستفید ہوں گے۔ جلدہی آرٹسٹ اورفنکاروں کے لئے ا نڈوومنٹ فنڈ کے لئے رقم جاری کرد ی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ آرٹسٹ او رفنکاروں کی فلاح و بہبود چاہتے ہیں۔ آرٹسٹ او رفنکاروں کی قابل عمل سفارشات کاجائزہ لیں گے۔ ہمارے فنکاروں اور گلوکاروں نے بین الاقوامی سطح پر ملک کانام روشن کیاہے۔ اپنے آرٹسٹ اور فنکاروں کے لئے ہماری خدمات حاضر ہیں۔سٹیج ڈراموں کے معیار کی بہتری کے لئے کام کیاجارہاہے۔انہوں نے کہاکہ آرٹسٹوں کے ساتھ صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کررہے ہیں۔ ڈرامہ،فلم انڈسٹری او رآرٹسٹ سب لوگ ہمارے لئے بہت اہم ہے۔ نازیبا ویڈیو ز کے باعث سٹیج ڈرامہ پر پابندی عائد کی تھی کیونکہ یہ ویڈیوز انتہائی قابل اعتراض تھیں۔انہوں نے کہاکہ ہمارا مقصد ڈرامہ انڈسٹری کو کسی قسم کا نقصان پہنچانا نہیں بلکہ اصلاح کرنا ہے۔ سٹیج ڈرامو ں کے حوالے سے ایس او پیز بنائے ہیں۔ فنکاروں کے وفد نے پنجاب کابینہ کی جانب سے 50کروڑ روپے کے انڈوومنٹ کے قیام پر وزیراعلیٰ محسن نقوی،صوبائی وزیرعامر میر اور دیگر وزراء کا شکریہ ادا کیا او رکہاکہ آپ کی قیادت میں پنجاب کابینہ نے فنکاروں کے لئے بہت بڑا کام کیاہے۔آرٹسٹ آپ کے اس کام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔فنکاروں کے وفد میں ریشم، اورنگ زیب لغاری، راشد محمود، کلیم پرویز، شہزاد رفیق، حسن مراد، افتخار ٹھاکر، گوشی خان، عارف لوہار، وارث بیگ، ترنم ناز، ایوب خاور، ناصر ادیب، نعیم طاہر، جاوید رضوی، روحی خان، پرویز رضا، ذوالفقار علی اور دیگر شامل تھے۔صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت عامر میر،ایڈیشنل چیف سیکرٹری،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری اطلاعات وثقافت، ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔