آر پی او کا سینٹ ڈومینک چرچ کا وزٹ

اقلیتی برادری کا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری ہے۔کرسمس کے تہوار پر بہاولپور ریجن میں خصوصی حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ آر پی او شیر اکبر
بہاولپور 23 دسمبر: بہاولپور ریجن کے اضلاع بہاولپور،بہاولنگر اور رحیم یار خان میں مسیحی برادری کے تہوارکرسمس کے حوالے سے خصوصی حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں کیونکہ اقلیتی برادری کا تحفظ بھی ہمارے فرائض میں شامل ہے۔ان خیالات کا اظہار ریجنل پولیس آفیسر شیر اکبرنے کرسمس ڈے کے خصوصی تہوارپر پولیس کی جانب سے کئے گئے سیکیورٹی انتظامات کی تفصیل بتاتے ہوئے کیا.آر پی او نے سینٹ ڈومینک چرچ کا بھی وزٹ کرتے ہوئے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیااور سیکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

آر پی او نے ریجن بھر میں سیکیورٹی انتظامات کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ بہاولپور ریجن میں 75 گرجا گھروں میں 76 کرسمس پروگرامز ہونگے جن کی حفاظت کے لئے 1912پولیس افسران حفاظتی ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔حساس گرجا گھروں میں داخلہ کے لئے ریجن بھر میں 18 واک تھروگیٹ،173سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ گرجا گھر وں میں آنے والے افراد کی میٹل ڈیٹیکٹر کے ذریعے تلاشی لی جائے گی اور انتظامیہ کی طرف سے مقرر کردہ رضا کار بھی اس دوران موجود ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ بہاولپور ریجن میں 05کرسمس بازاروں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے اقدامات کئے گئے ہیں ان اقدامات کا مقصد اقلیتی برادری کی جان و مال،عزت و آبرو کی حفاظت کرنا اور انہیں آزادانہ طریقہ سے مذہبی رسومات ادا کرنے اور کرسمس کی خوشیاں منانے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔