بہاولپور( ) ریجنل پولیس آفیسر صادق علی ڈوگر نے ڈی پی او بہاولپور عبادت نثار کے ہمراہ جامع مسجد الصادق مین بازار بہاولپور میں نماز جمعہ ادا کی اور بعد از نماز جمعہ مسجد میں کھلی کچہری لگائی۔تفصیل کیمطابق آر پی او صادق علی ڈوگر نے ڈی پی او بہاولپور عبادت نثار کے ہمراہ جامع مسجد الصادق میں کھلی کچہری لگائی۔آر پی او نے مسجد میں موجود شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انصاف کی فراہمی کیلئے کھلی کچہریوں کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے اور شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کیلئے نکلے ہیں۔ہمارا مقصد امن و امان قائم رکھنا ہے اور اس مقصد کیلئے ریجن بھر میں سٹریٹ کرائم کی روک تھام کیلئے موٹر اسکواڈ بھی بنا دی گئی ہے۔پولیس اور عوام کے درمیاں فاصلہ ختم کرنا چا ہتے ہیں۔آر پی او نے مزید کہا کہ آپ لوگ بغیر کسی خوف کے اپنا مسئلہ بیان کر سکتے ہیں چاہے وہ مسئلہ پولیس کے خلاف ہی کیوں نہ ہو۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاولپورعبادت نثار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جرائم اور جرائم پیشہ عناصر کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے۔ جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی کریں،پولیس کی جانب سے آپ کو اچھا ریسپونس ملے گا اور تبدیلی نظر آئے گی۔مسجد میں موجود شہریوں نے آر پی او بہاولپور کو پولیس اور دیگر اداروں کے مسائل بھی بتائے جن کو سن کر انہوں نے پولیس سے متعلق فوری حل کرنے اور دیگر اداروں کے مسائل کے حوالے سے ان اداروں سے میٹنگ کرنے اور بھر تعاون کی یقین دہانی کروائی۔اس موقع پر اے ایس پی/ایس ڈی پی او سٹی بہاولپور ڈاکٹر عزیر،پی ایس او انسپکٹر محمد طارق ستار،انچارج سیکیورٹی محمد قیصر کھچی اور ایس ایچ او تھانہ کوتوالی مصطفی خان بلوچ بھی موجود تھے۔کھلی کچہری کے اختتام پر امن و امان،ملک و قوم کی سلامتی کیلئے دعا کی گئی۔