ریجنل پولیس آفیسر غازی محمد صلاح الدین کی زیرِ صدارت اضلاع بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان کے مینارٹی نمائندوں اور میثاق سینٹر کے انچارجز کے ساتھ میٹنگ
آر پی او بہاولپور نے میثاق سینٹرز کے انچارجز کی اقلیتی برادری کے ساتھ خوشگوار تعلقات اور بروقت ریسپانس کو سراہتے ہوئے انہیں تعریفی سرٹیفیکیٹ دینے کا اعلان کیا۔
بہاولپور: ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور غازی محمد صلاح الدین (پی پی ایم) کی زیرِ صدارت ریجن بہاولپور کے تینوں اضلاع بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان کے مینارٹی نمائندوں اور میثاق سینٹر کے انچارجز کے ساتھ ایک اہم میٹنگ ہوئی۔ میٹنگ میں ریجن میں مقیم اقلیتی برادری کو درپیش مسائل، ان کے حل اور میثاق سینٹرز پر فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
میٹنگ کا مقصد اقلیتی برادری کی آراء سننا، انہیں درپیش مشکلات سے آگاہی حاصل کرنا اور میثاق سینٹرز کے ذریعے فراہم کی جانے والی سہولیات کو مزید مؤثر بنانا تھا۔ اس موقع پر اقلیتی نمائندوں نے میثاق سینٹرز کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان مراکز کی بدولت اب انہیں پولیس اسٹیشنز کے چکر نہیں لگانے پڑتے اور تمام سہولیات ایک ہی چھت تلے فراہم کی جا رہی ہیں، جس سے امن کمیٹیوں کے درمیان بہترین روابط بھی قائم ہو رہے ہیں۔
آر پی او بہاولپور غازی محمد صلاح الدین نے کہا کہ میثاق سینٹرز کے ذریعے اقلیتی برادری کو پولیس خدمت مراکز پر دستیاب تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے اقلیتی نمائندوں پر زور دیا کہ وہ اپنے چرچز اور مندروں میں ہونے والی مذہبی تقریبات کے دوران اپنی برادری کو میثاق سینٹرز سے استفادہ کرنے کے طریقہ کار سے آگاہ کریں۔ آر پی او نے واضح کیا کہ اقلیتی برادری ہمارے معاشرے کا برابر کا حصہ ہے اور ہر شہری کو مذہبی آزادی اور آزاد شہری کی حیثیت سے زندگی گزارنے کا مکمل حق حاصل ہے، جس کی ضمانت دینِ اسلام بھی دیتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریجن پولیس اقلیتی برادری کے ساتھ کھڑی ہے، ان کی خوشیوں میں شریک ہوتی ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
اس موقع پر اقلیتی نمائندوں نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ حب الوطن پاکستانی ہیں اور پاکستان ان کا ملک ہے، جس کے لیے وہ ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے آبا و اجداد نے تقسیمِ برصغیر کے وقت پاکستان کو منتخب کیا، جو ایک درست اور بہترین فیصلہ تھا، اور آج بھی انہیں اس ملک میں اپنائیت اور تحفظ کا احساس ہوتا ہے۔ نمائندوں نے کرسمس سمیت دیگر مذہبی تہواروں کے موقع پر پولیس کی جانب سے بہترین سیکیورٹی انتظامات اور تعاون کو بھی سراہا۔ میٹنگ کے اختتام پر آر پی او بہاولپور نے میثاق سینٹرز کے انچارجز کی اقلیتی برادری کے ساتھ خوشگوار تعلقات اور بروقت ریسپانس کو سراہتے ہوئے انہیں تعریفی سرٹیفیکیٹ دینے کا اعلان کیا۔

