احمدپور میڈیا کلب کے اراکین کے لیے جرنلزم اسکلز ڈویلپمنٹ ورکشاپ کا انعقاد
نذیر خالد کا نیوز گیدرنگ، پریس کانفرنس اور انٹرویو کی تکنیکوں پر خصوصی لیکچر؛ احسان احمد سحر کا صحافیوں کی سیفٹی اور آزادی صحافت پر اظہار خیال، ڈیجیٹل میڈیا کی آن لائن تربیت کا بھی اعلان
احمد پور شرقیہ: رورل میڈیا نیٹ ورک پاکستان نے جرنلسٹس الائنس پاکستان کے اشتراک سے احمدپور میڈیا کلب احمد پور شرقیہ (رجسٹرڈ) کے اراکین کے لیے جرنلزم اسکلز ڈویلپمنٹ ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد اٹک وسیب ہوٹل میں کیا، جس میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے وابستہ 25 صحافیوں نے شرکت کی۔
جرنلسٹس الائنس پاکستان کے کنسلٹنٹ نذیر خالد، سینئر ڈائریکٹر (ریٹائرڈ) محکمہ تعلقات عامہ حکومت پنجاب، نے اپنے خصوصی تربیتی سیشن میں نیوز گیدرنگ، پریس کانفرنس اور انٹرویو کی مؤثر تکنیکوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے شرکاء کو بتایا کہ کسی واقعے کو خبر بنانے کے لیے اس کی اہمیت جانچنے، خبر کے بنیادی عناصر کو سمجھنے اور رپورٹنگ کا آغاز ایک مؤثر اور جامع انٹرو سے کرنے کی صلاحیت ضروری ہے، تاکہ خبر کی اشاعت کے امکانات بڑھ سکیں۔ انہوں نے اس امر پر بھی گفتگو کی کہ کون سے واقعات خبر بنتے ہیں اور کسی اطلاع کی خبری اہمیت کا تعین کس طرح کیا جائے۔
رورل میڈیا نیٹ ورک پاکستان کے صدر اور جرنلسٹس الائنس پاکستان کے بانی احسان احمد سحر نے ملک میں آزادی صحافت کی صورتحال، پیکا قانون میں ترامیم کے علاقائی صحافت پر اثرات، اخبارات اور نجی ٹی وی چینلز سے میڈیا ورکرز کی برطرفیوں، تنخواہوں کی عدم ادائیگی، سرکاری اشتہارات کے حجم میں کمی اور سائبر قوانین سے متعلق امور پر اظہار خیال کیا۔
صحافیوں کی حفاظت کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے احسان احمد سحر نے خطرناک اسائنمنٹس کی کوریج کے دوران اجتماعی رپورٹنگ کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ صحافیوں کو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے تحفظ اور باہمی تعاون کو بھی ترجیح دینی چاہیے۔

احمد پور شرقیہ: رورل میڈیا نیٹ ورک پاکستان اور جرنلسٹس الائنس پاکستان کے اشتراک سے احمد پور میڈیا کلب رجسٹرڈ احمد پور شرقیہ کے اراکین کے لیے منعقدہ تربیتی ورکشاپ میں صدر پریس کلب راشد عزیز ہاشمی،زاہد بلوچ،اعجاز احمد ججو، راشد محمود چنٹر،سلیم کمبوہ،ظہورِ وڑائچ اور ظفر تاج لیکچر سنتے ہوئے
ورکشاپ کے میزبان صدر احمدپور میڈیا کلب (رجسٹرڈ) خادم حسین سومرو، جنرل سیکرٹری سردار مکی حیدر جلوانہ، صدر پریس کلب راشد عزیز ہاشمی اور جنرل سیکرٹری حبیب اللہ راجپوت سمیت دیگر صحافی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
دونوں ریسورس پرسنز نذیر خالد اور احسان احمد سحر نے شرکاء کے سوالات کے جوابات بھی دیے اور صحافتی پیشہ ورانہ مہارتوں سے متعلق رہنمائی فراہم کی۔
اس موقع پر احسان احمد سحر نے احمدپور میڈیا کلب (رجسٹرڈ) کے اراکین کے لیے ڈیجیٹل میڈیا اور آن لائن صحافت کی خصوصی تربیت کا بھی اعلان کیا، جو جرنلسٹس الائنس پاکستان کے کنسلٹنٹ خالد سعید، سینئر میڈیا ایکسپرٹ، کے زیر اہتمام آئندہ دنوں زوم کے ذریعے منعقد کی جائے گی۔ شرکاء نے اس اعلان کا خیرمقدم کیا۔

