ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا کی زیر صدارت ”احساس راشن رعایت پروگرام“ کے اقدامات کا جائزہ

بہاول پور: 29/دسمبر ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا کی زیر صدارت دفتر کے کمیٹی روم میں اجلاس منعقد ہوا جس میں ”احساس راشن رعایت پروگرام“ کے سلسلہ میں کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ’احساس راشن رعایت پروگرام‘ اہمیت کا حامل پروگرام ہے، اس لیے اس پروگرام کے تحت کریانہ سٹورز کی رجسٹریشن کا کام جلد مکمل کیا جائے۔ اس سلسلہ میں ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز فعال انداز میں کام کریں۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شاہد عمران مارتھ، ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ، نیشنل بینک آف پاکستان کے آفیسر اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران شریک تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تحصیل سطح پر محکمہ سوشل ویلفیئر، لوکل گورنمنٹ متعلقہ تحصیل کے اسسٹنٹ کمشنر کے ہمراہ احساس راشن رعایت پروگرام میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ کم آمدنی والے افراد اس پروگرام کے تحت ریلیف حاصل کر سکیں۔ اجلاس میں نیشنل بینک پاکستان کے نمائندہ نے کریانہ سٹور کے مالک کے بینک اکاؤنٹ کھولنے اور دی جانے والی سہولت بارے بریفنگ دی۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد عزیر نے بریفنگ میں بتایا کہ احساس راشن رعایت پروگرام کے تحت آٹا، دالیں اور گھی وکوکنگ آئل کی خریداری پر غریب خاندان کے ایک فرد کو ایک ہزار روپے ماہانہ کی سبسڈی دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں کریانہ سٹور کی رجسٹریشن کا کام جاری ہے۔