یوریا کھاد کا تھیلا 2250/- روپے میں فراہم کرنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں کمشنر بہاول پور ڈویژن کی ہدایت
بہاول پور:8/دسمبر: کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور کی زیر صدارت کھادوں کی فراہمی بارے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ ویڈیو لنک اجلاس میں ڈپٹی کمشنر بہاول نگر کیپٹن (ر) محمد وسیم، ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان سلمان خان لودھی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بہاول پور اعتزاز انجم، ایڈیشنل کمشنر رابطہ فیصل عطا خان، ڈائریکٹر زراعت جمشید خالد سندھو، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت حافظ محمد شفیق اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران شریک ہوئے۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ کاشتکار کو مقرر کردہ نرخ پر کھاد کی فراہمی کے لئے تمام تر اقدامات بروئے کار لائے جائیں اور ذخیرہ اندوزوں و گراں فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ بہاول پور ڈویژن میں انتظامی افسران نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران 4209 کاروباری مراکز کا معائنہ کیا اور بے قاعدگی پر مجموعی طور پر 8 لاکھ 10 ہزار روپے کے جرمانے عائد کرتے ہوئے 4 ایف آئی آرز کا اندراج اور ایک شخص کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے ہدایت کی کہ یوریا کھاد کا تھیلا 2250/- روپے میں فراہم کرنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کھاد کی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے کوٹ سبزل، ڈاؤ والا، اقبال آباد، ظاہر پیر، ترنڈہ محمد پناہ اور جندو پیر کے مقامات پر سپیشل چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں اور گزشتہ ایک ہفتے کے دوران یوریا کھاد کی سمگلنگ کے خلاف جاری کارروائیوں میں یوریا کھاد کے 1700 بیگز قبضے میں لے کر ذمہ داران کے خلاف مقدمات کا اندراج اور گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ حکومت کے مقرر کردہ گندم کے پیداواری اہداف مکمل کرنے کے لیے کاشتکاروں کو ہر ممکن سہولیات دی جائیں گی اور ذخیرہ اندوزی و گراں فروشی میں ملوث عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔