اوچ شریف میں بغیر نقشہ منظوری غیر قانونی دکانوں، مکانات اور کمرشل پلازوں کی تعمیرات سے متعلق انکشافات
حقائق پر مبنی خبروں کی اشاعت پر سینئر صحافی کو غیر اخلاقی میسج بھیجنے والے افسر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ ،کمشنر بہاولپور اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور بغیر نقشہ منظوری عمارات کی تعمیر کی تحقیقات کرائیں
اوچ شریف (کرائم رپورٹر) سب تحصیل اوچ شریف میں بغیر نقشہ منظوری غیر قانونی دکانوں، مکانات اور کمرشل پلازوں کی تعمیرات سے متعلق خبریں منظر عام پر آنے کے بعد میونسپل کمیٹی اوچ شریف کے تعمیرات بلڈنگ آفیسر کا طرزِ عمل شدید تنقید کی زد میں آ گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق خبر کی اشاعت پر متعلقہ آفیسر نہ صرف برہم ہو گیا بلکہ اس نے ایک مقامی صحافی کو نجی طور پر ہتک آمیز اور غیر شائستہ پیغامات ارسال کیے، جس پر صحافتی اور عوامی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔صحافتی ذرائع کا کہنا ہے کہ صحافی نے محض زمینی حقائق اور عوامی شکایات کو پیش کیا تھا، تاہم جوابدہی اور وضاحت دینے کے بجائے تعمیرات بلڈنگ آفیسر کی جانب سے غیر مناسب زبان کا استعمال کیا گیا، جسے پیشہ ورانہ اقدار اور سرکاری ضابطہ? اخلاق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا جا رہا ہے۔
صحافتی حلقوں کے مطابق کسی سرکاری افسر کا اس طرح صحافی کو دباؤ میں لانے کی کوشش کرنا نہ صرف آزادی صحافت بلکہ شفاف طرزِ حکمرانی کے دعوؤں پر بھی سوالیہ نشان ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر واقعی غیر قانونی تعمیرات نہیں ہو رہیں تو متعلقہ افسران کو ثبوت کے ساتھ مؤقف دینا چاہیے تھا، مگر ہتک آمیز پیغامات اس تاثر کو تقویت دیتے ہیں کہ معاملات کو دبانے اور آوازیں خاموش کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ عوامی حلقوں میں یہ سوال بھی اٹھایا جا رہا ہے کہ کیا تعمیرات بلڈنگ آفیسر اپنی ذمہ داریوں سے غافل رہا یا پھر دانستہ طور پر خلاف ورزیوں کو نظر انداز کیا گیا۔ صحافتی تنظیمیں اس معاملے پر مشاورت کر رہی ہیں اور امکان ہے کہ اگر سرکاری سطح پر نوٹس نہ لیا گیا تو معاملہ اعلیٰ فورمز اور متعلقہ محکموں تک پہنچایا جائے گا۔
صحافی برادری نے واضح کیا ہے کہ وہ کسی بھی دباؤ، دھمکی یا غیر شائستہ رویے کے آگے نہیں جھکیں گے اور عوامی مفاد میں رپورٹنگ کا عمل جاری رہے گا۔دوسری جانب اس حوالے سے میونسپل کمیٹی اوچ شریف کے اعلیٰ حکام سے رابطے کی کوشش کی گئی، تاہم تاحال کوئی باضابطہ وضاحت سامنے نہیں آ سکی۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ خاموشی مسائل کا حل نہیں بلکہ اعتماد کے بحران کو مزید گہرا کر رہی ہے۔عوامی و سماجی حلقوں نے کمشنر بہاولپور ڈویژن، ڈپٹی کمشنر بہاولپور اور محکمہ لوکل گورنمنٹ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ نہ صرف بغیر نقشہ تعمیرات کی شفاف تحقیقات کی جائیں بلکہ صحافی کو غیر اخلاقی مسیح کرنے پر فوری نوٹس لے کر ذمہ دار افسر کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے، تاکہ آئندہ کسی بھی سرکاری اہلکار کو اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ رویے کی جرات نہ ہو۔

