Advertisements

بہاولپور صوبہ کی بحالی عوام کا دیرینہ مطالبہ اور تاریخی حق ہے، عارف عزیز شیخ

Former MNA Arif Aziz Sheikh
Advertisements

بہاولپور صوبہ کی بحالی اور ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے لیے تمام سیاسی جماعتیں، پارلیمنٹ اور متعلقہ ادارے سنجیدہ مکالمے کا آغاز کریں سابق رکن قومی اسمبلی ‬
چنی گوٹھ (نامہ نگار) سابق رکن قومی اسمبلی عارف عزیز شیخ نے کہا ہے کہ بہاولپور صوبہ کی بحالی اس خطے کے عوام کا دیرینہ مطالبہ اور تاریخی حق ہے، جسے مزید نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیے۔ بہاولپور ایک تاریخی ریاست اور اپنی الگ شناخت، تہذیب و ثقافت اور شاندار روایات کا حامل خطہ ہے، جسے ماضی میں صوبائی حیثیت حاصل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہاولپور صوبہ کی بحالی کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔

عارف عزیز شیخ نے کہا کہ پاکستان کی آبادی میں مسلسل اضافے اور انتظامی مسائل کے پیش نظر ملک میں نئے صوبوں کا قیام ناگزیر ہو چکا ہے۔ بڑے صوبوں کا انتظامی ڈھانچہ عوام کی بنیادی ضروریات پوری کرنے میں مشکلات کا باعث بن رہا ہے، جس کے نتیجے میں دور دراز علاقوں کے عوام کو تعلیم، صحت، روزگار اور دیگر بنیادی سہولیات کے حصول کے لیے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ نئے صوبوں کے قیام سے انتظامی معاملات بہتر بنانے، اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنے اور عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

Advertisements

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب اور بالخصوص بہاولپور ڈویژن کے عوام طویل عرصے سے محرومیوں کا شکار ہیں۔ اس خطے کے وسائل یہاں کے عوام کی فلاح و بہبود، ترقیاتی منصوبوں، تعلیم، صحت، زراعت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر خرچ ہونے چاہئیں۔ بہاولپور صوبہ کی بحالی سے نہ صرف مقامی سطح پر انتظامی مسائل حل ہوں گے بلکہ اس خطے کی معاشی اور سماجی ترقی کے نئے راستے بھی کھلیں گے۔

سابق ایم این اے نے کہا کہ نئے صوبوں کا قیام کسی سیاسی جماعت یا علاقے کے خلاف اقدام نہیں بلکہ قومی ترقی، انتظامی بہتری اور عوامی سہولت کا معاملہ ہے۔ اس حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں کو ذاتی اور جماعتی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بہاولپور صوبہ کی بحالی اور ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے لیے تمام سیاسی جماعتیں، پارلیمنٹ اور متعلقہ ادارے سنجیدہ مکالمے کا آغاز کریں تاکہ آئینی اور جمہوری طریقہ کار کے تحت اس دیرینہ مسئلے کا مستقل حل نکالا جا سکے۔