صوبہ بہاولپور کی بحالی وقت کی اہم ضرورت حکومت نوابینِ بہاولپور کی خدمات کو مدنظر رکھے: مخدوم افتخار گیلانی
سجادہ نشین و سابق ایم پی اے کی اپنے صاحبزادگان مخدوم زادہ عمر رضا گیلانی اور مخدوم زادہ احمر رضا گیلانی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو
اوچ شریف (کرائم رپورٹر) سجادہ نشین دربارِ عالیہ حضرت محبوب سبحانی و سابق ایم پی اے مخدوم سید افتخار الحسن گیلانی نے اپنے صاحبزادگان مخدوم زادہ عمر رضا گیلانی اور مخدوم زادہ احمر رضا گیلانی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ بہاولپور کی بحالی خطے کے عوام کا دیرینہ مطالبہ اور وقت کی اہم ضرورت ہے۔مخدوم سید افتخار الحسن گیلانی نے کہا کہ بہاولپور ریاست کے نوابین نے قیامِ پاکستان کے لیے تاریخی اور ناقابلِ فراموش کردار ادا کیا۔ ریاست بہاولپور نے مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا اور ملکی استحکام کے لیے نمایاں خدمات سرانجام دیں، جنہیں کسی صورت فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ بہاولپور کو صوبائی حیثیت ملنے سے نہ صرف خطے کے عوام کو ان کے بنیادی حقوق بہتر انداز میں میسر آسکیں گے بلکہ انتظامی مسائل میں بھی کمی آئے گی اور علاقے میں ترقی و خوشحالی کے نئے راستے کھلیں گے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے صوبہ بہاولپور کی بحالی کے مطالبے پر سنجیدگی سے غور کیا جائے اور عوامی خواہشات کو مدنظر رکھتے ہوئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ مخدوم زادہ عمر رضا گیلانی اور مخدوم زادہ احمر رضا گیلانی نے بھی صوبہ بہاولپور کی بحالی کے مطالبے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ بہاولپور کے عوام اپنے تاریخی تشخص، حقوق اور صوبائی حیثیت کی بحالی کے لیے ایک واضح مؤقف رکھتے ہیں

