چنی گوٹھ اور ہیڈ راجکاں میں ریسکیو 1122 سٹیشن کی جلد تعمیر شروع ہو جائے گی حسن عسکری شیخ
سی ای او ریسکیو 1122 نے رپورٹ مکمل کر کے سیکرٹری ہیلتھ پنجاب کو روانہ کر دی ہے
چنی گوٹھ سے واپس منگوائی گئی ریسکیو 1122 کی ایمبولینس دو روز کے اندر واپس چنی گوٹھ پہنچ جائے گی صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے انڈسٹریز
چنی گوٹھ (نامہ نگار) صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے انڈسٹریز پنجاب و ایم پی اے حلقہ پی پی 248 حسن عسکری شیخ نے کہا ہے کہ چنی گوٹھ اور ہیڈ راجکاں میں ریسکیو 1122 سٹیشن کی جلد تعمیر شروع ہو جائے گی ، جس کے لئے سی ای او ریسکیو 1122 نے رپورٹ مکمل کر کے سیکرٹری ہیلتھ پنجاب کو روانہ کر دی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سابق چیئرمین یونین کونسل چنی گوٹھ مہر محمد صدیق کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، حسن عسکری شیخ نے بتایا کہ میں نے گزشتہ ہفتے سیکرٹری ہیلتھ پنجاب سے ملاقات کی تھی اور ان کو چنی گوٹھ اور ہیڈ راجکاں میں ریسکیو 1122 سٹیشن بنانے کی درخواست کی تھی جس پر انہوں نے سی ای او ریسکیو 1122 سے فوری طور پر رپورٹ طلب کی تھی جس پر ریسکیو 1122 بہاولپور کے حکام نے رپورٹ مکمل کر کے سیکرٹری ہیلتھ پنجاب کو بجھوا دی ہے ، ریسکیو سٹیشن کے فنڈز جاری ہونے پر جلد کام شروع ہو جائے گا ۔ ایم پی اے حسن عسکری شیخ نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ چنی گوٹھ سے واپس منگوائی گئی ریسکیو 1122 کی ایمبولینس دو روز کے اندر واپس چنی گوٹھ پہنچ جائے گی ۔