ریسکیو 1122 لیاقت پور کی 9 اور 10 محرم الحرام کے دوران عزاداری کے جلوسوں اور مجالس میں 210 زخمی عزاداروں کو بروقت طبی امداد
محرم الحرام کے تمام پروگراموں کے پرامن اختتام پر ریسکیو سٹاف اور ریسکیو سکاؤٹس کی پیشہ ورانہ خدمات اور جذبۂ خدمت کو سراہا گیا۔
جن پور(نامہ نگار ) ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر عادل رحمان کی قیادت اور ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر محمد عمران ساجد کی نگرانی میں ریسکیو 1122 لیاقت پور نے 9 اور 10 محرم الحرام کے دوران عزاداری کے جلوسوں اور مجالس میں مثالی ایمرجنسی سروسز فراہم کرتے ہوئے 210 زخمی عزاداروں کو بروقت طبی امداد مہیا کی
ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر محمد عمران ساجد کے مطابق مرکزی امام بارگاہ خانبیلہ، ترنڈہ محمد پناہ، فیروزہ، ٹھل حمزہ، جن پور، آمین آباد اور مرکزی امام بارگاہ عباسیہ روڈ لیاقت پور سمیت اہم مقامات پر ایمبولینسز، ریسکیو پوسٹس، ریسکیورز اور ریسکیو سکاؤٹس تعینات کیے گئے تھے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔ اس موقع پر تمام ریسکیو اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر کے دو شفٹوں میں 12،12 گھنٹے ڈیوٹی سرانجام دی گئی
اعداد و شمار کے مطابق مجموعی طور پر 210 زخمی عزاداروں میں سے 204 کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ 6 افراد کو مزید علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ خانبیلہ میں 65 زخمیوں کو فرسٹ ایڈ دی گئی اور 5 کو آر ایچ سی خانبیلہ منتقل کیا گیا، جبکہ مرکزی امام بارگاہ عباسیہ روڈ لیاقت پور میں 28 افراد کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی اور ایک زخمی کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ اسی طرح ترنڈہ محمد پناہ میں 35، آمین آباد میں 20، جن پور و ٹھل حمزہ میں 35 اور فیروزہ میں 21 عزاداروں کو موقع پر طبی امداد فراہم کی گئی
پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 لیاقت پور کے میڈیا کوآرڈینیٹر محمد صابر اکرم کے مطابق محمد عمران ساجد نے مختلف مقامات کا دورہ کر کے ریسکیو اہلکاروں اور ریسکیو سکاؤٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیا، ان کی حوصلہ افزائی کی اور بہترین خدمات پر شاباش دی۔ محرم الحرام کے تمام پروگراموں کے پرامن اختتام پر ریسکیو سٹاف اور ریسکیو سکاؤٹس کی پیشہ ورانہ خدمات اور جذبۂ خدمت کو سراہا گیا۔۔۔۔۔۔

