Contact Us

پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 عوام الناس کو بہترین ایمرجنسی سہولیات فراہم کر رہی ہے کمشنرراجہ جہانگیر انور

Rescue 1122 is providing the best emergency services to the public

بہاول پور:8/ اکتوبر کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے کہا ہے کہ پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122بہاول پور جذبہ خدمت سے سرشار ہو کر عوام الناس کو بہترین ایمرجنسی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ضلعی آفس پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122بہاول پور میں واٹر ریسکیو وہیکلز اور ڈیزاسٹر ریسکیو وہیکلز کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنربہاول پور زاہد پرویز وڑائچ، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز ڈاکٹر ناصر حمید، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر باقر حسین، دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اور ریسکیو سٹاف موجود تھا۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن نے کہا کہ 8/اکتوبر 2005ء کے ہولناک زلزلے کی تباہی آج بھی انسانی ذہنوں پر نقش ہے اورزلزلے کے بعد متاثرین کی بحالی اور آبادکاری کے لئے قوم کا یکجا ہونا اور زلزلہ سے متاثرہ بہن بھائیوں کی بھرپور مدد کرناایثار اور لازوال قربانیوں کی بہترین مثال ہے۔ حکومت کی جانب سے 8/اکتوبر کے قومی دن کو ”National Resilience Day“کے طور پر منانے کا اعلان قومی عزم کو مثبت طور پر اجاگر کرنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122نے اکتوبر 2006ء میں پہلی ڈیزاسٹر ایمرجنسی ریسپانس ٹیم قائم کی جو پنجاب سے شروع ہوئی اور بعد ازاں اس کا دائرہ کار ملک کے دیگر صوبوں تک بڑھادیا گیا اور آج ریسکیو 1122کے 23ہزار تربیت یافتہ ریسکیورز کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نبردآزما ہونے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔کمشنر بہاول پور ڈویژن نے کہا کہ بہاول پور میں بھی قدرتی آفات سے بہترین طریقے سے نبردآزما ہونے کے لئے پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122کو جدید تربیت کی فراہمی سمیت بہترین ٹیکنالوجی سے لیس کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں عوام الناس کو بہترین امدادی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔راجہ جہانگیر انورنے کہا کہ ریسکیو 1122بہاول پور کی استعدادکار بڑھانے اور اسے بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کے لئے ڈیزاسٹر ریسکیو وہیکلز بھی مہیا کر دیئے گئے ہیں اور آج پنجاب ایمرجنسی سروس جنوبی ایشیا میں اقوام متحدہ کی پہلی بین الاقوامی سرچ اینڈ ریسکیو ایڈوائزری گروپ(INSARAG-UN)کی درجہ بندی کرنے والی ٹیم بن گئی ہے جوکسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نبردآزما ہونے کے لئے دنیا بھر میں کہیں بھی سروسز مہیا کر سکتی ہے۔ڈسٹرک ایمرجنسی آفیسر بہاول پور باقر حسین نے کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ریسکیو 1122کی موٹر بائیک سروس بہاول پور میں اوسطاً 4منٹ کے ریسپانس ٹائم کے ساتھ کام کر رہی ہے۔نیز ریسکیو 1122نے کورونا وائرس جیسی ناگہانی وبائی صورتحال میں نہ صرف کورونا سے متاثرہ مریضوں کو قرنطینہ مراکز اور ہسپتالوں میں منتقل کرنے کے لئے فرنٹ لائن کا کردار ادا کیا بلکہ حالیہ سیلابی صورتحال میں بھی بہترین طریقے سے فرائض منصبی انجام دیئے اور آج بھی صوبہ سندھ کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ دریں اثناء کمشنر بہاول پور ڈویژن نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ریسکیو سٹاف تعریفی سرٹیفکیٹس اور نقد انعامات سے نوازا۔

Rescue 1122 is providing the best emergency services to the public 2

مزید پڑھیں