شمس آباد ٹول پلازہ پر ریسکیو 1122 سنٹر قائم کیا جائے : جنید اسلم
جھانگڑا انٹر چینج لنک روڈ بہاول پور اس روڈ پر روزانہ کی بنیاد پر ٹریفک حادثات پیش آتے ہیں
زخمی افراد کو فوری امداد میسر نہ آنے کے باعث جانی نقصان میں اضافہ ہو جاتا ہے نوجوان سیاسی و سماجی رہنما
شمس آباد ( پریس ریلیز ) نوجوان سیاسی و سماجی رہنما جنید اسلم نے حکومتِ پنجاب اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ شمس آباد ٹول پلازہ اور گردونواح میں فوری طور پر ریسکیو 1122 کا جدید اور مستقل سنٹر قائم کیا جائے تاکہ عوام کو بروقت امدادی سہولیات فراہم کی جا سکیں اور قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ اپنے ایک اخباری بیان میں جنید اسلم نے کہا کہ شمس آباد اور اس کے ملحقہ علاقوں میں ریسکیو 1122 سنٹر کا قیام عوامی تحفظ کے لیے ناگزیر ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب کے دوران عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، رابطہ سڑکیں متاثر ہوئیں، آمدورفت کا نظام درہم برہم ہو گیا جبکہ بیمار اور زخمی افراد بروقت طبی امداد سے محروم رہے۔ اگر اس وقت علاقے میں ریسکیو 1122 کی مستقل سہولت موجود ہوتی تو کئی قیمتی جانیں بچائی جا سکتی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات اور ہنگامی حالات میں بروقت امدادی کارروائیاں انسانی جانوں کے تحفظ میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں، لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ شمس آباد اور گردونواح آج بھی اس اہم سہولت سے محروم ہیں۔ سیلاب گزرنے کے باوجود متعلقہ اداروں اور منتخب نمائندوں کی جانب سے اس مسئلے پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی گئی۔ جنید اسلم نے کہا کہ جھانگڑا انٹر چینج لنک روڈ بہاول پور کا یہ حصہ انتہائی اہم اور مصروف روٹ ہے۔ اس روڈ پر روزانہ کی بنیاد پر ٹریفک حادثات پیش آتے ہیں اور زخمی افراد کو فوری امداد میسر نہ آنے کے باعث جانی نقصان میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق حادثے کے بعد ابتدائی چند منٹ زخمی کی جان بچانے کے لیے انتہائی اہمیت رکھتے ہیں، لہٰذا ریسکیو سہولیات کی عدم دستیابی ایک سنگین مسئلہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شمس آباد ٹول پلازہ اور اس کے اطراف کا علاقہ آبادی اور ٹریفک کے لحاظ سے نہایت اہم ہے۔ اس لیے ریسکیو 1122 سنٹر کا قیام وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔ کسی بھی بڑے حادثے یا قدرتی آفت کی صورت میں امدادی کارروائیوں میں تاخیر ناقابلِ تلافی نقصان کا سبب بن سکتی ہے۔
جنید اسلم نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت اور منتخب نمائندوں کی اولین ذمہ داری ہے۔ اگر پنجاب کے دیگر علاقوں میں جدید ریسکیو مراکز قائم کیے جا سکتے ہیں تو شمس آباد اور گردونواح کو اس بنیادی سہولت سے محروم رکھنا کسی صورت مناسب نہیں۔ انہوں نے تمام سیاسی، سماجی، مذہبی اور عوامی شخصیات سے اپیل کی کہ وہ اختلافات سے بالاتر ہو کر اس عوامی مطالبے کے لیے متحد ہوں۔ انہوں نے نوجوانوں، تاجروں، وکلا، اساتذہ اور دیگر شہریوں پر زور دیا کہ وہ اجتماعی طور پر اس مسئلے کے حل کے لیے آواز بلند کریں۔
جنید اسلم نے حکومتِ پنجاب، ریسکیو 1122 کے اعلیٰ حکام، ضلعی انتظامیہ، مقامی ایم این اے، ایم پی اے اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ شمس آباد ٹول پلازہ اور گردونواح میں فوری طور پر ریسکیو 1122 کا مستقل سنٹر قائم کیا جائے تاکہ عوام کو بروقت اور مؤثر امدادی خدمات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک مطالبہ نہیں بلکہ ہزاروں شہریوں کی جانوں کے تحفظ اور محفوظ مستقبل کی آواز ہے، جو اس وقت تک بلند ہوتی رہے گی جب تک علاقے کو ریسکیو 1122 کی مستقل سہولت فراہم نہیں کر دی جاتی۔

