Advertisements

محکمہ لائبریریز کے زیرِ اہتمام اسلام آباد میں معروف صحافی وادیبہ ڈاکٹر سعدیہ کمال کی کتاب تریمت کتھا کی تقریب رونمائی

Renowned Journalist and Author Dr. Sadia Kamal’s Book Tareemat Katha Launched at Ceremony in Islamabad Under the Auspices of Libraries Department
Advertisements

معروف محقق و نقاد ڈاکٹر واجد تبسم اور  ڈائریکٹر جنرل پبلک لائبریریز محمد ارشد نے مصنفہ ڈاکٹر سعدیہ کمال کو اردو ادب میں انجام دی گئی  اُنکی خدمات پر  خراج تحسین پیش کیا

تریمت کتھا معاشرے میں خواتین کو در پیش مسائل،اُنکی جد وجہد ،محرومیوں اور کامیابیوں کی داستان ہے مصنفہ ڈاکٹر سعدیہ کمال کا کتاب کی تخلیق کے پس منظر کے حوالے سے اظہار خیال

Advertisements

اسلام آباد:( پریس ریلیز)  محکمہ لائبریریز اسلام آباد کے زیرِ اہتمام اسلام آباد پبلک لائبریری میں معروف ادیبہ، صحافی اور صدر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس، ڈاکٹر سعدیہ کمال کی کتاب ’’تریمت کتھا‘‘ کی تقریبِ رونمائی منعقد ہوئی۔ تقریب میں ادبی شخصیات، ماہرینِ تعلیم، صحافیوں، لائبریرینز، طلبہ و طالبات اور کتاب دوست افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

 تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کی سعادت  غلام عباس، جونیئر لائبریرین، محکمہ لائبریریز اسلام آباد نے حاصل کی۔ بعد ازاں محترمہ عشرت نسیم اور  غلام عباس نے کتاب پر اپنے تاثرات اور تنقیدی جائزے پیش کرتے ہوئے اس کے مختلف ادبی اور سماجی پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔  

معروف محقق اور نقاد ڈاکٹر واجد تبسم نے کتاب کا تفصیلی جائزہ پیش کرتے ہوئے مصنفہ کی تخلیقی صلاحیتوں اور اردو ادب میں ان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ’’تریمت کتھا‘‘ خواتین کو درپیش سماجی، معاشی اور ثقافتی مسائل کی مؤثر عکاسی کرتی ہے اور ان کے احساسات، جدوجہد اور تجربات کو نہایت حساس انداز میں پیش کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کتاب نہ صرف خواتین کے حقوق اور ان کے مقام پر غور و فکر کی دعوت دیتی ہے بلکہ معاشرے میں شعور اور مثبت تبدیلی کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔  اس موقع پر مصنفہ ڈاکٹر سعدیہ کمال نے کتاب کی تخلیق کے پس منظر، موضوعات اور اپنے ادبی سفر پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’تریمت کتھا‘‘ دراصل معاشرے میں خواتین کو درپیش مسائل، ان کی جدوجہد، محرومیوں اور کامیابیوں کی داستان ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ کتاب قارئین کو خواتین کے مسائل کو بہتر طور پر سمجھنے اور ان کے حل کے لیے مثبت سوچ اپنانے میں معاون ثابت ہوگی۔

 تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر جنرل محکمہ لائبریریز اسلام آباد، محمد ارشد نے اپنے صدارتی کلمات میں ڈاکٹر سعدیہ کمال کو کتاب کی اشاعت پر مبارکباد پیش کی اور ان کی ادبی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی لائبریریاں علم و ادب کے فروغ، مطالعے کی ثقافت کے استحکام اور فکری مکالمے کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ محکمہ لائبریریز مستقبل میں بھی ایسی ادبی و علمی سرگرمیوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری رکھے گا۔  تقریب کے اختتام پر شرکاء نے مصنفہ اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ایسی ادبی تقریبات معاشرے میں مطالعے کے رجحان اور علمی و ادبی شعور کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی رہیں گی۔