ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور غازی محمد صلاح الدین کی زیرِ صدارت ڈویلیپمنٹ پروجیکٹس سے متعلق اجلاس
ترقیاتی کاموں میں شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور تعمیراتی مراحل کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے آر پی او بہاولپور کی ہدایت
بہاولپور: ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور غازی محمد صلاح الدین کی زیرِ صدارت ریجن بہاولپور کے تینوں اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق ایک تفصیلی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایکسین بلڈنگ، بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کے انجینئرز اور پولیس کی جانب سے مقرر کردہ فوکل پرسنز نے شرکت کی۔ اجلاس میں ریجن بھر میں زیرِ تعمیر پولیس دفاتر، رہائشی مکانات اور تھانہ جات کی عمارتوں پر پیش رفت، تعمیراتی معیار، فنڈز کے مؤثر استعمال، درپیش مسائل اور مقررہ ٹائم لائن پر تفصیلی غور کیا گیا۔
آر پی او بہاولپور نے تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل اور اعلیٰ معیار کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ آر پی او بہاولپور نے ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں میں شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور تعمیراتی مراحل کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ناقص تعمیر، غیر ضروری تاخیر یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ مزید برآں آر پی او بہاولپور نے کہا کہ پولیس دفاتر، رہائشی سہولیات اور تھانہ جات کی بہتر عمارتیں پولیس افسران و اہلکاروں کی ورکنگ کنڈیشن بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔ اجلاس کے اختتام پر متعلقہ افسران کو باہمی رابطے کے ذریعے مسائل کے فوری حل اور پیش رفت رپورٹس باقاعدگی سے پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔

