ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور غازی محمد صلاح الدین کی زیرِ صدارت سنگین جرائم کے مقدمات کے حوالے سے اہم اجلاس
سنگین جرائم کے مقدمات کو خصوصی ترجیح دی جائے اور ہر مقدمے کی بروقت، شفاف اور میرٹ پر مبنی تفتیش یقینی بنائی جائے آر پی او کی ہدایت
تینوں اضلاع کے ڈی پی اوز اور ایس ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی,تمام متعلقہ افسران مقدمات سے متعلق آن لائن ریکارڈ بروقت اپ ڈیٹ کریں ریجنل پولیس آفیسر
بہاول پور + اوچ شریف+جن پور (نامہ نگار+ کرائم رپورٹر) ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور غازی محمد صلاح الدین کی زیرِ صدارت آر پی او آفس میں سنگین جرائم کے مقدمات کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تینوں اضلاع کے ڈی پی اوز اور ایس ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ اجلاس میں سنگین مقدمات کی تفتیش، چالان کی بروقت تکمیل اور عدالتی کارروائی میں پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
آر پی او غازی محمد صلاح الدین نے ہدایت کی کہ سنگین جرائم کے مقدمات کو خصوصی ترجیح دی جائے اور ہر مقدمے کی بروقت، شفاف اور میرٹ پر مبنی تفتیش یقینی بنائی جائے۔ تفتیشی افسران تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے مقدمات کے چالان فوری مکمل کریں تاکہ مؤثر عدالتی پیروی کے ذریعے ملزمان کو قانون کے مطابق سزا دلوائی جا سکے۔ آر پی او نے واضح کیا کہ سنگین مقدمات میں غفلت، غیر ضروری تاخیر اور تفتیشی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام متعلقہ افسران مقدمات سے متعلق آن لائن ریکارڈ بروقت اپ ڈیٹ کریں اور تفتیش کے ہر مرحلے کی مؤثر نگرانی یقینی بنائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جاری کردہ احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے، تفتیش میں غفلت برتنے یا مقدمات میں غیر ضروری تاخیر کے مرتکب تفتیشی افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ آر پی او بہاولپور غازی محمد صلاح الدین نے کہا کہ پولیس کی اولین ترجیح انصاف کی فراہمی، مظلوم کی داد رسی اور شہریوں میں احساسِ تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ اس مقصد کے لیے ضروری ہے کہ ہر مقدمے کی تفتیش شفاف انداز میں اور مقررہ وقت کے اندر مکمل کی جائے۔

