علاقائی صحافی میڈیا انڈسٹری میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت کے حامل، حکومت علاقائی اخبارات کی ڈیجیٹل ٹرانفارمیشن کے لئے گرانٹس دے، صاحبزادہ محمد عثمان خان عباسی
آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی، علاقائی صحافت کی آبیاری کے لئے بھرپور جہدوجہد کر رہی ہے،جرنلسٹس الائنس پاکستان جنوبی پنجاب چیپٹر کا قیام مستحسن اقدام ہے، محمد ہمایوں گلزار
پنجاب اسمبلی کے سابق ڈپٹی اسپیکر اور اے پی این ایس کے ریجنل پریس کمیٹی کے چیئرمین کا جرنلسٹس الائنس پاکستان کے جنوبی پنجاب چیپٹر کے تاسیسی اجلاس کے شرکاء صحافیوں میں تقسیم اسناد کی تقریب میں اظہار خیال، چودہ پریس کلبز کے 29 اراکین میں اسناد تقسیم کیں
بانی جرنلسٹس الائنس پاکستان احسان احمد سحر کا ماہ اکتوبر میں بین الاقوامی میڈیا آرگنائزیشن کے اشتراک سے جرنلسٹس الائنس جنوبی پنجاب چیپٹر، کے اراکین کے لئے تربیتی پروگرام کے انعقاد کا اعلان کرتے ہوئے تاسیسی اجلاس میں تعاون کرنے پر پنجاب کالج کی انتظامیہ اظہار تشکر کیا۔
احمد پور شرقیہ:پنجاب اسمبلی کے سابق ڈپٹی اسپیکر صاحبزادہ محمد عثمان خان عباسی نے کہا ہے کہ علاقائی صحافی پاکستان کی میڈیا انڈسٹری میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں،اور چھوٹے شہروں اور قصبات میں بسنے والے 65 فی صد افراد کی نمائندگی کرتے ہیں۔جمہوریت کے فروغ کے لئے ضروری ہے کہ حکومت علاقائی اخبارات کی ڈیجیٹل ٹرانفارمیشن کے لئے انہیں گرانٹس دے اور علاقائی نمائندوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات مہیا کرے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب کالج میں جرنلسٹس الائنس پاکستان رورل وٹاون پریس کلبز جنوبی پنجاب چیپٹر،کے تاسیسی اجلاس کے شرکاء سے تقسیم اسناد کی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہا،جو آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کی ریجنل پریس کمیٹی کے چیئرمین محمد گلزار ہمایوں کی زیر صدارت منعقد ہوئی تھی جب کہ بانی جرنلسٹس الائنس پاکستان احسان احمد سحر اور ڈائریکٹر پنجاب کالج محمد سلیمان فاروقی بھی اسٹیج پر مہمانان اعزاز کے طور پر موجود تھے۔نظامت کے فرائض حمیداللہ خان عزیز سیکرٹری کوآرڈینیشن نے سرانجام دئیے۔
صاحبزادہ محمد عثمان خان عباسی نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے رورل اور قصباتی پریس کلبوں کو واحد نمائندہ پلیٹ فارم پر متحد کرنا اور ان کے اراکین کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بڑھانے کے لئے تربیتی پروگرام کے انعقاد کا اعلان احسان احمد سحر کی دیرینہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ اور انہیں یقین ہے کہ جنوبی پنجاب کے رورل وٹاون پریس کلبز، کا یہ پلیٹ فارم ادارہ جاتی پلیٹ فارم کو مستحکم کرنے، اخلاقی صحافت اور صحافیوں کے فلاح وبہبود کے فروغ کے لئے خدمات سر انجام دے گا۔
تقریب سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے آل پاکستان نیوز پیپر سوسائٹی کی ریجنل پریس کمیٹی کے چیئرمین محمد ہمایوں گلزار نے جرنلسٹس الائنس پاکستان کے قیام پر بانی احسان احمد سحر اور ان کے ساتھیوں کو مبارک باد دی انہوں نے کہا کہ اے پی این ایس علاقائی صحافت کے فروغ کے لئے بھرپور جہدوجہد کر رہی ہے، وزارت اطلاعات کے وفاقی وصوبائی محکموں کے اعلی حکام کو بارہا اس سلسلے میں مسائل حل کرنے کے لئے رجوع کیا گیا ہے،لیکن بدقسمتی سے دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی پرنٹ میڈیا روبہ زوال ہے، پرنٹ میڈیا کو نامساعد حالات کا سامنا ہے،جہاں اشتہارات اور سرکولیشن میں بڑی حد تک کمی واقع ہوئی ہے وہاں دوسری طرف طباعتی اخراجات میں بھی بے تحاشا اصافہ ہو گیا ہے۔محمد ہمایوں گلزار نے توقع ظاہر کی کہ جرنلسٹس الائنس پاکستان رورل وٹاون پریس کلبز جنوبی پنجاب چیپٹر، علاقائی صحافیوں کا نہ صرف ایک نمائندہ متحد اور پلیٹ فارم ثابت ہو گا بلکہ ان کی اجتماعی آواز کو تقویت دے گا اور ان کے جائز پیشہ وارانہ مفادات کا تحفظ کرے گا۔
قبل ازیں بانی جرنلسٹس الائنس پاکستان احسان احمد سحر نے اعلان کیا کہ رورل میڈیا نیٹ ورک پاکستان کے زیر اہتمام ایک بین الاقوامی میڈیا آرگنائزیشن کے اشتراک سے ماہ اکتوبر2026ء میں جرنلسٹس الائنس پاکستان جنوبی پنجاب چیپٹر،کے لئے ایک آن لائن تربیتی پروگرام اوچ شریف میں منعقد کرے گا۔انہوں نے جرنلسٹس الائنس پاکستان رورل وٹاون پریس کلبز جنوبی پنجاب چیپٹر،کے تاسیسی اجلاس کے آرگنائزر روزنامہ” نوائے احمد پور شرقیہ” سے تعاون کرنے پر ڈائریکٹر پنجاب کالج محمد سلیمان فاروقی سے اظہار تشکر کیا۔
صاحبزادہ محمد عثمان خان عباسی اور محمد ہمایوں گلزار نے تاسیسی اجلاس میں شریک چودہ پریس کلبز اور روزنامہ”نوائے احمد پور شرقیہ” کے اراکین، افتخار احمد علوی، ارشاد احمد شاد، شاہد بشیر چوہدری، فراز حیدر خان، امام بخش بھٹی، محمد خضر عباس، غلام مرتضی چوہدری،محمد اظہر امام، محمد آصف اعوان، احسان الحق صدیقی، رانا محمد قاسم، راشد محمود چنڑ، محمد سلیمان فاروقی، حمیداللہ خان عزیز، رانا ذوالفقار علی، رانا شاہ زیب، محمد سجاد، شبیر احمد، محمد ابو بکر، سید لیاقت علی رضوی، انعام الستار خان مستوئی، محمد عربی عباسی، محمد اعجاز خان پٹھان، اعجاز احمد خان،محمد عمار علوی، عبد الحفیظ انجم اور سید تنویر الحسن بخاری میں اسناد تقسیم کیں۔بعد ازاں پنجاب کالج انتظامیہ کی جانب سے جنوبی پنجاب چیپٹر کے تاسیسی اجلاس کے شرکاء کے اعزاز میں پر تکلف ظہرانہ دیا گیا

احمد پور شرقیہ:بانی جرنلسٹس الائنس احسان احمد سحر پنجاب کالج میں منعقدہ جرنلسٹس الائنس پاکستان رورل اینڈ ٹاؤنز پریس کلبز جنوبی پنجاب چیپٹر، کے تاسیسی اجلاس میں صاحبزادہ محمد عثمان عباسی کو تنظیم کا منشور، اسٹیرنگ کمیٹی کے اغراض ومقاصد اور چودہ پریس کلبز کی منظور شدہ گیارہ قراردادوں کی فائل پیش کر رہے ہیں، جب کہ دوسری طرف چودہ پریس کلبز کے عہدیداران صاحبزادہ محمد عثمان عباسی اور محمد ہمایوں گلزار سے اسناد وصول کرتے ہوئے۔

