ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن زوار منظور وڑائچ، ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا اور ڈی پی او رانا عبدالوہاب کی کھلی کچہری
شہریوں کی درخواستیں فرداً فرداً سنیں اور ان کے مسائل کے فوری حل کیلئے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی بھی موجود تھے
بہاول پور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی گڈ گورننس پالیسی کے تحت عوام کو ان کی دہلیز پر فوری، شفاف اور بلاامتیاز ریلیف کی فراہمی کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر آفس بہاولپور میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن زوار منظور وڑائچ، ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا اور ڈی پی او رانا عبدالوہاب نے شہریوں کی درخواستیں فرداً فرداً سنیں اور ان کے مسائل کے فوری حل کیلئے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں ۔
کھلی کچہری میں دور دراز علاقوں سے آنے والے شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور مختلف نوعیت کے مسائل و شکایات پر مشتمل تحریری درخواستیں پیش کیں ۔ متعلقہ محکموں کے افسران سے موقع پر ہی شکایات کے بارے میں معلومات حاصل کی گئیں جبکہ بعض درخواستوں پر فوری کارروائی عمل میں لانے اور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شگفتہ جبیں ، اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور صدر حمزہ احتشام سمیت ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔
ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن زوار منظور وڑائچ نے کہا کہ بدعنوانی، رشوت طلبی اور اختیارات کے ناجائز استعمال سے متعلق شکایات بلاخوف درج کرائی جائیں ، موصول ہونے والی شکایات پر قانون و ضابطے کے مطابق کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی کے خاتمے کیلئے شہریوں کا تعاون انتہائی اہم ہے۔
ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا نے کہا کہ عوامی شکایات کے ازالے میں بلاوجہ تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، تمام شکایات کو میرٹ، شفافیت اور قانون کے مطابق نمٹانے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں ۔ کھلی کچہریوں کا مقصد شہریوں اور انتظامیہ کے درمیان براہ راست رابطے کو مؤثر بنانا ہے۔ ضلعی انتظامیہ عوامی مسائل کے حل اور شہریوں کو بروقت ریلیف کی فراہمی کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔
ڈی پی او رانا عبدالوہاب نے پولیس سے متعلقہ درخواستوں پر قانون کے مطابق فوری کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو سرکاری اداروں سے بروقت اور شفاف ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کا بروقت حل اور شفاف طرز حکمرانی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

