جنوبی پنجاب میں غربت کی شرح42 فیصد ہے جس کا خاتمہ ایک بہت بڑاچیلنج ہے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن(ر)ثاقب ظفر
جنوبی پنجاب کا رقبہ 99ہزار 579 مربع کلومیٹر پر مشتمل ہے اورخطے کی 23 فیصد آبادی شہروں میں مقیم ہے جبکہ 58 فیصد زراعت سے وابستہ ہے
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا صحت کے شعبے پر فوکس ہے اور جنوبی پنجاب میں درجنوں میگا پراجیکٹس زیر تکمیل ہیں ویں سینئیر منیجمنٹ کورس کے14 رکنی وفد سے گفتگو
ملتان:ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن(ر)ثاقب ظفر نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب میں غربت کی شرح42 فیصد ہے جس کا خاتمہ ایک بہت بڑاچیلنج ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ جنوبی سیکرٹریٹ کا بنیادی مقصد عوام کے مسائل ان کے دہلیز پر حل کرنا ہے اور خطے سے غربت کا خاتمہ کرکے لوگوں کا معیار زندگی بلند کرنا ہے جس کے لئے بھرپور کوششیں جاری ہیں۔یہ بات انہوں نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں ملاقات کے لئے آنیوالے 34 ویں سینئیر منیجمنٹ کورس کے14 رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔وفد میں ایڈمنسٹریٹیو، فارن ،ان لینڈ ریونیو،آڈٹ اینڈ اکاونٹس اور انفارمیشن گروپ کے افسران شامل تھے۔سیکرٹری سروسز جنوبی پنجاب انجینئر امجد شعیب خان ترین اور ڈائریکٹنگ سٹاف روبینہ مسعود بھی ملاقات میں موجود تھیں۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن(ر) ثاقب ظفر نے بتایا کہ جنوبی پنجاب کا رقبہ 99ہزار 579 مربع کلومیٹر پر مشتمل ہے اورخطے کی 23 فیصد آبادی شہروں میں مقیم ہے جبکہ 58 فیصد زراعت سے وابستہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا صحت کے شعبے پر فوکس ہے اور جنوبی پنجاب میں درجنوں میگا پراجیکٹس زیر تکمیل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ غربت کےخاتمہ کے لئے بین الاقوامی اداروں کی مشاورت سے تیار کردہ سفارشات پر عمل کیا جارہا ہے اور شرح خواندگی میں اضافہ کی بھرپور کوشش کی جارہی ہے۔ کیپٹن(ر) ثاقب ظفر نے کہا کہ ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز کی مانیٹرنگ سے جنوبی پنجاب کے مختلف محکموں میں سروس ڈیلیوری کو بہتر بنایا جارہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ گندم اور کپاس کی پیداوار بڑھانے کے لئے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ نے کلیدی کردار ادا کیا ہے اور مستقبل میں بھی ہم زرعی پیداوار بڑھانے کے لئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے تعاون سے پنجاب کا پہلا اینٹی ریپ کرائسسز سیل ملتان میں قائم کیا گیا ہے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی کارکردگی بارے بتایا کہ سیکرٹریٹ کو جنوبی پنجاب کے پہلے کشتی رانی مقابلوں کے انعقاد کا اعزاز حاصل ہے جبکہ ٹرانس جینڈر اور صبح نو سکولز کا قیام جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا طرہ امتیاز ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جنوبی پنجاب کے سکولوں کے مابین سکولمپکس گیمز اور ہاکی لیگ کے انعقاد کی نئی روایات قائم کی گئی ہے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے بتایا کہ جنوبی پنجاب گوشت ایکسپورٹ کرنےکے حوالے سے اہم کردار ادا کر سکتا ہے اسی لئے جنوبی پنجاب کو لائیوسٹاک کے شعبے میں ڈیزیز فری بنانے کے لئے مختلف پراجیکٹ شروع کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب میں سیاحت کے فروغ کے لئے بڑا پوٹینشنل موجود ہے اور اس سلسلے میں چولستان میں واقع درجنوں تاریخی قلعوں کو اصل حالت میں بحال کرنے کا پلان تیار کیا گیا ہے۔ملاقات میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو سونئیر پیش کیا گیا جبکہ وفد کے اراکین کو یادگاری شیلڈز دی گئیں۔