بہاول پور:17/جون ( )کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو بہاول پور کا دورہ کیااور ادارہ میں مقیم بے سہارا بچوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پرڈسٹرکٹ آفیسر و انچارج چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو بہاول پور نوشابہ ملک نے کمشنر بہاول پور ڈویژن کوادارہ کے انتظام و انصرام اور ادارہ ہٰذا میں مقیم معاشرے کے بے سہارا اور لاوارث بچوں کی کفالت، قیام و طعام اور تعلیمی سہولیات بارے تفصیلی بریفنگ دی۔کمشنر بہاول پورڈویژن راجہ جہانگیر انور چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو میں زیر کفالت بچوں کے ساتھ گھل مِل گئے۔انہوں نے چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو میں زیر کفالت بچوں کے ساتھ زمین پر بیٹھ کر گپ شپ کی اور مختلف سوالات کئے اور ان کے سوالات کے جوابات دیئے۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن نے کہا کہ معاشرہ کے لاوارث اور بے سہارا بچوں کی اچھی تعلیم و تربیت کرنا ہم سب کا فرض ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو میں مقیم بچوں کی تعلیم و تربیت اور قیام و طعام کا خصوصی خیال رکھا جائے اور انہیں معاشرے کا مفید اور کارآمد شہری بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔بعد ازاں کمشنر بہاول پور ڈویژن نے موٹر وہیکل ایگزامینیشن سنٹر کا اچانک دورہ کیااورمختلف گاڑیوں کی انسپکشن کے طریقہ کار اورفیس کی وصولی بارے تفصیلی بریفنگ لی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس و سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی بہاول پور فاروق قمر بھی ان کے ہمراہ تھے۔