ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ لینگوئجز اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور پروفیسر ڈاکٹر جاوید حسان چانڈیو نے کہا ہے کہ فیکلٹی کے زیر اہتمام گزشتہ تین برسوں میں بڑی تعداد میں ہونے والی بین الاقوامی کانفرنسروں سے جامعہ کا عالمی سطح پر نام روشن ہوا۔ انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کی رہنمائی میں ان کانفرنسز میں ملکی اور غیر ملکی مندوبین نے شرکت کی، علمی مباحثے منعقد ہوئے اور ہمارے اساتذہ اور طلباء وطالبات کو مختلف علوم میں عالمی سطح پر ہونے والی تحقیق سے براہ راست آگاہ ہونے کا موقع ملا۔ پروفیسر ڈاکٹر جاوید حسان چانڈیو نے کہا کہ آرٹس اور لسانیات کے مضامین کی اہمیت مسلمہ ہے اور ان میں گریجویشن کرنے والے طلباء وطالبات کے لیے شعبہ تعلیم، پرنٹ و الیکٹرونک میڈیا اور سرکاری و نجی شعبوں میں ملازمتوں کے کثیر مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آرکیالوجی کے میدان میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے کیمبرج یونیورسٹی برطانیہ کے ساتھ کثیر الجہتی معاہدہ کیا جس کے تحت دونوں جامعات کے وفود کا آپس میں تبادلہ ہوا اور سات ہزاربرس قدیم ہاکڑہ تہذیب پر تحقیق کا کام جاری ہے۔ فلسفہ کا شعبہ بھی اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں قائم ہوا۔یونیورسٹی کالج آ ف آرٹ اینڈ ڈیزائن فائن آرٹس کے شعبے میں طلباء وطالبات کو اپنی صلاحتیوں کے جوہر دکھانے کا بھرپور موقع فراہم کر رہا ہے۔ فیکلٹی میں انگریزی ادب، انگریزی لسانیات، سرائیکی، اردو، اقبال سٹڈیز، فلسفہ، مطالعہ پاکستان اور تاریخ کے شعبہ جات بھی بی ایس،ایم فل اور پی ایچ ڈی کی سطح پر اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔ اس وقت موسم بہار کی داخلہ مہم کے تحت فیکلٹی آف آرٹس اینڈ لینگوئجز کے زیر اہتمام بی ایس انگلش لینگوئج، بی ایس انگلش لینگوئج اینڈ لینگوئسٹکس، بی ایس ہسٹری، بی ایس آرکیالوجی، بی ایس پاکستان سٹڈیز، بی ایس فارسی، بی ایس سرائیکی، بی ایس اردو، بی ایس اقبال سٹڈیز، بی ایس فلاسفی اور بی ایف اے میں داخلے جاری ہیں۔