Advertisements

مون سون بارشوں کا آغاز، متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات

Rains
Eurasian magpie
Advertisements

جنوبی پنجاب کے اضلاع ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور اور بہاولنگر میں 26 سے 28 جون کے دوران بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے

لاہور:  پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کا آغاز ہو چکا ہے اور پہلا سپیل یکم جولائی تک جاری رہنے کی توقع ہے۔  صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ترجمان کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں تیز آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔  ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت الرٹ رہیں، تمام متعلقہ اداروں بشمول ریسکیو 1122، واسا، محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو سٹاک کو الرٹ جاری کیا جا چکا ہے۔

Advertisements

 بارشوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے اضلاع میں راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، گجرات، جہلم اور گوجرانوالہ شامل ہیں جہاں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے  پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، سرگودھا اور میانوالی میں بھی بارشیں متوقع ہیں، اس کے علاوہ جنوبی پنجاب کے اضلاع ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور اور بہاولنگر میں 26 سے 28 جون کے دوران بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

 ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ رواں سال مون سون کے دوران معمول سے 25 فیصد زیادہ بارشیں متوقع ہیں، جس کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو پہلے ہی مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے، شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ خراب موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور آندھی و طوفان کی صورت میں محفوظ مقامات پر رہیں۔  پی ڈی ایم اے نے سیاحوں کو بھی مشورہ دیا ہے کہ وہ پہاڑی علاقوں کے سفر سے قبل موسم کی صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنا پلان ترتیب دیں، کیونکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔