کوئٹہ سے پشاور جانے والی مسافر بس کھائی میں جا گری، 40 افراد جاں بحق
ضلعی انتظامیہ کے مطابق مسافر بس کوئٹہ سے پشاور جا رہی تھی کہ ژوب اور ڈیرہ اسماعیل خان کے درمیانی علاقے دانا سر میں افسوسناک حادثہ پیش آیا، حادثے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں، 8 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا
کوئٹہ: خیبرپختونخوا کے علاقے دانا سر میں مسافر بس کھائی میں گرنے سے 40 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔- ضلعی انتظامیہ کے مطابق مسافر بس کوئٹہ سے پشاور جا رہی تھی کہ ژوب اور ڈیرہ اسماعیل خان کے درمیانی علاقے دانا سر میں افسوسناک حادثہ پیش آیا، حادثے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں، 8 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون شاہد رند نے کہا ہے کہ حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 40 ہو گئی ہے، بس حادثے میں 8 افراد زخمی ہوئے۔
شاہد رند نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو ادارے اور متعلقہ محکمے زخمیوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی میں مصروف ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق حادثے کا شکار بس میں اپنے مسافروں کے علاوہ ایک خراب ہونے والی دوسری بس کے مسافر بھی سوار تھے۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر شیرانی ولی کاکڑ کے مطابق ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے زخمیوں کو نکالنے اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، دشوار گزار علاقے کے باوجود ریسکیو ٹیمیں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ ولی کاکڑ نے کہا کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی اور قریبی ہسپتالوں میں منتقلی کا عمل جاری ہے، ضلعی انتظامیہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے، امدادی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد تعداد کا تعین کیا جائے گا۔
محکمہ صحت حکام کے مطابق بلوچستان کے قریبی ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ژوب شیرانی شاہراہ پر مسافر بس حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور متعلقہ اداروں کو زخمیوں کو ہر ممکن اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

