قائد اعظم میڈیکل کالج کا آٹھواں کانووکیشن 1500 سے زائد گریجویٹ ڈاکٹرز کو ڈگریاں اور نمایاں کارکردگی پر میڈلز عطا
تقریب کی مہمانِ خصوصی کمشنر بہاولپور ڈویژن مسرت جبیں تھیں، جبکہ کالج کی پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر صوفیہ فرخ نے بھی اس موقع پر خصوصی شرکت کی۔
بہاول پور:قائد اعظم میڈیکل کالج بہاولپور کا آٹھواں کانووکیشن منعقد ہوا جس میں 1500 سے زائد گریجویٹ ڈاکٹرز کو ان کی تعلیمی کامیابیوں کے اعتراف میں ڈگریاں اور نمایاں کارکردگی پر میڈلز عطا کیے گئے۔تقریب کی مہمانِ خصوصی کمشنر بہاولپور ڈویژن مسرت جبیں تھیں، جبکہ کالج کی پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر صوفیہ فرخ نے بھی اس موقع پر خصوصی شرکت کی۔
کمشنر بہاول پور ڈویژن مسرت جبیں نے اپنے خطاب میں کامیاب ہونے والے طلبہ و طالبات اور ان کے والدین کو دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم میڈیکل کالج بہاول پور ملک کے ممتاز طبی اداروں میں شمار ہوتا ہے اور یہاں سے فارغ التحصیل ہونے والے ڈاکٹرز دنیا بھر میں شعبہ طب میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ نوجوان ڈاکٹرز اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں دیانت داری، خلوص اور خدمتِ انسانیت کو اپنا شعار بنائیں اور مریضوں کے ساتھ ہمدردی اور احترام کا برتاؤ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر کا پیشہ محض روزگار نہیں بلکہ ایک مقدس ذمہ داری ہے، جس میں انسانی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
اس سے قبل پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر صوفیہ فرخ نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے ادارے کی سالانہ کارکردگی، تعلیمی و تحقیقی کامیابیوں اور طلبہ کی نمایاں پیش رفت پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ ادارہ جدید طبی تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم کی فراہمی کے لیے مسلسل کوشاں ہے تاکہ یہاں سے فارغ التحصیل ہونے والے ڈاکٹرز قومی و بین الاقوامی سطح پر نمایاں خدمات انجام دے سکیں۔


