پنجاب حکومت کی ماحول دوستی کی کاوشیں اور عالمی تعاون کا نیا باب
اداریہ — 16 نومبر 2025
برازیل کے شہر بیلم میں کوپ 30 کانفرنس کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور گلوبل گرین گروتھ انسٹیٹیوٹ (جی جی جی آئی) کے ڈائریکٹر جنرل کم سینگ ہائپ کی ملاقات نہ صرف پاکستان بلکہ بالخصوص پنجاب کیلئے ایک اہم پیش رفت ہے۔ دنیا تیزی سے ماحولیاتی تبدیلی کے سنگین چیلنجز سے دوچار ہے، ایسے میں پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کیلئے عالمی تعاون اور تکنیکی معاونت وقت کی ناگزیر ضرورت بن چکی ہے۔
گلوبل گرین گروتھ انسٹیٹیوٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب کے موسمیاتی بہتری کے اقدامات کی کھل کر تعریف کرتے ہوئے انہیں کاربن کریڈٹ پروگرامز میں تبدیل کرنے اور گرین فنانسنگ کے عالمی ماڈل کے تحت شراکت داری کی پیشکش کی ہے۔ یہ پیشکش پنجاب کیلئے ایک امید افزا راستہ ثابت ہوسکتی ہے، کیونکہ عالمی کاربن مارکیٹ میں رسائی سے صوبہ نہ صرف اپنے ماحولیاتی اہداف تیزی سے حاصل کرسکے گا بلکہ معاشی فوائد بھی حاصل ہوں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے گزشتہ ڈیڑھ سال میں پنجاب میں ماحولیاتی بہتری کے جو عملی اقدامات کیے ہیں، ان میں تاریخی سیلاب سے نمٹنے کیلئے سب سے بڑا ریسکیو و ریلیف آپریشن، ای موبیلٹی کی ترویج، سُتھرا پنجاب پروگرام، اینٹی اسموگ مٹگیشن پروجیکٹس، اور "پلانٹ فار پاکستان” جیسے بڑے اقدامات شامل ہیں۔ جی جی جی آئی کے مطابق یہ تمام منصوبے گرین فنانسنگ کے معیار پر پورا اترتے ہیں اور عالمی سطح پر سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرسکتے ہیں۔
یہ حقیقت قابلِ ستائش ہے کہ جی جی جی آئی نے وزیراعلیٰ مریم نواز کے وژن کو ایک پختہ، جدید اور پائیدار ترقی کے ماڈل کے طور پر سراہا۔ دنیا کے کئی ترقی پذیر ممالک جی جی جی آئی کے ذریعے گرین گروتھ میں نمایاں کامیابی حاصل کر چکے ہیں۔ اگر پنجاب اس عالمی ادارے کے ساتھ مؤثر اشتراک قائم کر لیتا ہے تو واٹر اینڈ سینی ٹیشن، صاف توانائی، شجرکاری، ای موبیلٹی اور ماحول دوست انفراسٹرکچر کے شعبوں میں نمایاں ترقی ممکن ہے۔
پنجاب حکومت کا عالمی کاربن مارکیٹ میں داخلہ نہ صرف خطے کیلئے ماحول دوست پالیسیوں کو تقویت دے گا بلکہ عوام کو صحت مند اور صاف ماحول فراہم کرنے کا ذریعہ بھی بنے گا۔ کوپ 30 میں وزیراعلیٰ کا خطاب اور اس پر عالمی سطح پر تعریف اس بات کا ثبوت ہے کہ پنجاب ماحولیات کے میدان میں سنجیدہ اصلاحات کی جانب بڑھ رہا ہے۔
ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ ان عالمی معاہدوں اور تکنیکی روابط کو عملی اقدامات میں ڈھالا جائے۔ صوبائی اداروں کی استعداد کار بڑھائی جائے، منصوبوں میں شفافیت برقرار رکھی جائے اور ماحول دوست ترقی کو سیاسی مفادات سے بالاتر رکھتے ہوئے مستقل پالیسی کے طور پر اپنایا جائے۔
اگر پنجاب حکومت اس سمت مضبوطی سے آگے بڑھتی ہے تو جی جی جی آئی کے تعاون سے صوبہ خطے میں گرین گروتھ کا ماڈل بن سکتا ہے۔ یہ نہ صرف ماحول دوست مستقبل کی ضمانت ہے بلکہ آنے والی نسلوں کو محفوظ، بہتر اور خوشحال پنجاب دینے کا راستہ بھی۔

