پنجاب میں کبھی سولو پالیسی نہیں اپنائی اتحادی جماعت کی تجاویز کو ہمیشہ اہمیت دی‘عثمان بزادار

Chief Minister Punjab Usman Buzdar

مسلم لیگ قائد اعظم ہماری اتحادی جماعت ہے بہترین کو آرڈی نیشن کے تحت عوامی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے،غلط فہمیاں پیدا کرنے والوں کی کوئی سازش کا میاب نہیں ہوگی
وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور13نومبر: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ قائداعظم ہماری اتحادی جماعت ہے۔ پنجاب میں ہمیشہ مشاورت کے ساتھ فیصلے کئے ہیں۔پنجاب میں ہمیشہ اتحاد ی جماعت کو ساتھ لے کر چلے ہیں اور آئندہ بھی ساتھ لے کر چلیں گے۔مسلم لیگ ق کے ساتھ بہترین کوآرڈینیشن کے تحت عوامی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے۔ہم اتحاد ی تھے، اتحادی ہیں اور اتحادی رہیں گے۔ مسلم لیگ ق کے ساتھ ورکنگ ریلیشن شپ بہتر بنائیں گے اور اتحادی جماعت سے مشاورت کے عمل کو مزید آگے بڑھائیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ سعودی عرب روانگی سے قبل بھی سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالہٰی کی رہائش گاہ جا کر ان سے ملاقات کی۔پنجاب میں کبھی سولو پالیسی اختیار نہیں کی اور اتحادی جماعت کے اراکین کی تجاویز کو ہمیشہ اہمیت دی ہے۔ صوبے کے عوام کوریلیف کی فراہمی کیلئے مل کر کام جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد میں دراڑ ڈالنے کی خواہش رکھنے والوں کے ارمان پورے نہیں ہوں گے۔سازشیں کرنے والے پیچھے رہ جائیں گے اورہمارا اتحاد آگے کی جانب بڑھتا جا ئے گا۔ آس لگانے والوں کو یاس کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔ غلط فہمیاں پیدا کرنے والوں کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہو گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اتحادیوں کے ساتھ مل کر عوام کی فلاح و بہبودکا مشن جاری رکھیں گے۔اپوزیشن کے پاس فلاح عامہ کا کوئی ایجنڈا نہیں، صرف نان ایشوز پر سیاست چمکائی جا رہی ہے۔