ممتاز احمد طاہرمرحوم نے اے پی این ایس کے پلیٹ فارم سے علاقائی اخبارات کی ترقی وترویج کے لیے بے پایاں کام کیا گورنر پنجاب
مرحوم نظریاتی صحافت کے علمبردار اور نہایت وضع دار شخصیت کے حامل تھےمحمد بلیغ الرحمن کا تعزیتی ریفرنس کی تقریب میں خطاب
تقریب سے مجیب الرحمن شامی ، امتنان شاہد ، جمیل اطہر،سابق وفاقی وزیر حامد سعید کاظمی، اے پی این، ایس کے عہدیداران اور یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے گورنر ہائوس لاہور میں روزنامہ آفتاب کے بانی و قائد اور آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے مرکزی رہنما ممتاز احمد طاہر کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے حوالے سے منعقدہ تعزیتی ریفرنس کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ ممتاز احمد طاہر(مرحوم)اپنی ذات میں ایک ادارہ تھے۔انہوں نے کہا کہ مرحوم نظریاتی صحافت کے علمبردار اور نہایت وضع دار شخصیت کے حامل تھے ۔ان کے انتقال سے بلاشبہ صحافت کا ایک باب بند ہوگیا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ممتاز احمد طاہر(مرحوم)نے اے پی این ایس کے پلیٹ فارم سے علاقائی اخبارات کی ترقی وترویج کے لیے بے پایاں کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے ہمیشہ پسماندہ اور کمزورطبقوں بالخصوص جنوبی پنجاب کے محروم طبقوں کے مسائل کے حل کے لیے آواز اٹھائی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ کسی بھی چیز کے بارے میں رائے قائم کرنے سے پہلے حقائق جاننا اور تحقیق کرنا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سچائی میں ہی دائمی کامیابی ہے۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ معاشرے میں حسن معاشرت کے لیے اپنی کمیوں اور دوسروں کی خوبیوں کو دیکھنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت گورنر معاشرے کے اندر اچھے کاموں کی حوصلہ افزائی کرنا میری ذمہ داری میں شامل ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمیں معاشرے میں مثبت رویوں کو فروغ دینے کے لئے بھر طریقے سے اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تبھی ہم ایک ترقی یافتہ اور خوشحال معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں۔
تقریب سے مجیب الرحمن شامی ، امتنان شاہد ، جمیل اطہر،سابق وفاقی وزیر حامد سعید کاظمی، اے پی این، ایس کے عہدیداران اور یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیااور ممتاز احمد طاہر (مرحوم)کی صحافتی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ۔
تقریب میں سابق وزیراعظم پاکستان سید یوسف رضا گیلانی ، وزیر اعلی پنجاب کے مشیر برائے قانون و پارلیمانی امور، کنور دلشاد،صدر اے پی این ایس ، ناز آفریں، سرمد علی ،سیکرٹری اے پی این ایس، مجیب الرحمن شامی ، جمیل اطہر اور اخباری صنعت اور میڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔