حکومت پنجاب رکنی میں سول ہسپتال بنائے گی، وزیر اعلی عثمان بزدار کے دورہ کوئٹہ میں ایم او یو پر دستخط

civil hospital in Rakni MOU signed

بلوچستان سیکرٹریٹ میں منعقدہ تقریب کے دوران  رکنی میں  ہسپتال کی تعمیر کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دونوں صوبائی سیکرٹریوں نے دستخط کئے

 پنجاب حکومت بلوچستان کے علاقے رکنی میں ہسپتال تعمیر کرے گی اور ضروری آلات اور مشینری فراہم کرے گی

15 ایکڑ پر بننے والے ہسپتال کے قیام سے ضلع بارکھان اور اردگرد کے علاقوں کے عوام کو صحت کی بہترین سہولتیں ملیں گی

بلوچستان دل کے بہت قریب ہے،پنجاب سے محبت کا پیغام لایا ہوں،ترقی کے سفر میں مل کر آگے بڑھیں گے:عثمان بزدار

ہسپتال بنانے پر شکریہ،پنجاب نے ہمیشہ بلوچستان کے ساتھ بڑے بھائی کا کردار ادا کیا ہے:عبدالقدوس بزنجو وزیر اعلی بلوچستان

لاہور27نومبر: حکومت پنجاب بارکھان کے علاقے رکنی میں سول ہسپتال تعمیر کرے گی،وزیر اعلی عثمان بزدار کے دورہ بلوچستان کے دوران کوئٹہ میں بلوچستان سیکرٹریٹ میں منعقدہ تقریب کے دوران  رکنی میں  ہسپتال کی تعمیر کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے -وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو تقریب کے مہمان خصوصی تھے-پنجاب حکومت کی جانب سے سیکرٹری پرائمری و سکینڈری ہیلتھ اور بلوچستان حکومت کی جانب سے سیکرٹری صحت نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے- تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی سردار عثمان بزدارنے کہا کہ پنجاب حکومت اپنے وسائل سے بلوچستان کے علاقے رکنی میں ہسپتال تعمیر کرے گی اور ہسپتال کیلئے ضروری آلات اور مشینری فراہم کرے گی-وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ سول ہسپتال بلوچستان کے عوام کے لئے پنجاب کے عوام کی جانب سے تحفہ ہے۔15 ایکڑ پر بننے والے ہسپتال کے قیام سے ضلع بارکھان اور اردگرد کے علاقوں کے عوام کو صحت کی بہترین سہولتیں ملیں گی۔ہسپتال کے منصوبے پر تیز رفتاری سے کام کیا جائے گا- وزیر اعلی نے کہا کہ پنجاب حکومت بلوچستان میں بسنے والے بہن بھائیوں کی خدمت کے لئے ہر وقت حاضر ہے – بلوچستان میرے دل کے بہت قریب ہے -پنجاب سے محبت، خیر سگالی اور بھائی چارے کا پیغام لایا ہوں -ترقی کے سفر میں مل کر آگے بڑھیں گے -وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ہسپتال کی تعمیر کیلئے وسائل کی فراہمی پر وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب نے ہمیشہ بلوچستان کے ساتھ بڑے بھائی کا کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بین الصوبائی روابط سے قومی یکجہتی اور بھائی چارے کو فروغ ملے گا۔