پنجاب حکومت نے ٹیکس فری متوازن بجٹ پیش کیا جس سے عوام کو ریلیف ملے گا حسن عسکری شیخ

مستحقین کے لئے راشن کارڈ کا اجراء بہت بڑا اقدام ہے صوبائی پارلیمانی سیکرٹری و ایم پی اے حلقہ پی پی 248 کی صحافیوں سے گفتگو
چنی گوٹھ (نامہ نگار) صوبائی پارلیمانی سیکرٹری پنجاب و ایم پی اے حلقہ پی پی 248 حسن عسکری شیخ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے ٹیکس فری متوازن بجٹ پیش کیا ہے جس سے عوام کو ریلیف ملے گا ، مستحقین کے لئے راشن کارڈ کا اجراء بہت بڑا اقدام ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ صوبہ میں ترقیاتی کاموں کے لئے بھی خطیر رقم رکھی گئی ہے جبکہ پنشنرز ملازمین اور اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے اور مزدور کی اجرت کم از کم چالیس ہزار روپے ہو گی ۔
صوبائی پارلیمانی سیکرٹری پنجاب حسن عسکری شیخ نے کہا کہ بجٹ منظور ہوتے ہی حلقہ میں بھرپور ترقیاتی منصوبہ جات کا آغاز ہو گا اور عوام کی محرومیوں کا ازالہ کیا جائے گا ، ایم پی اے حسن عسکری شیخ نے کہا کہ گزشتہ سال بھی تقریباً ڈیڑھ ارب روپے کے منصوبہ جات مکمل کروائے ہیں اور کچھ منصوبوں پر ابھی کام جاری ہے ، انہوں نے کہا کہ چنی گوٹھ شہر اور ریلوے اسٹیشن میں نکاسی آب کے لئے نالوں کی تعمیر کا بھی آغاز ہو چکا ہے جس سے شہریوں کا نکاس آب کا دیرینہ مسئلہ حل ہو جائے گا ۔