Advertisements

پنجاب حکومت احساس پروگرام کے تحت سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے 10ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کر رہی ہے: پرویزالہٰی

Advertisements

مخالفین نے سیلاب متاثرین کے نام پر بھی صرف سیاست چمکائی, عمران خان نے تنہا اربوں روپے سیلاب متاثرین کیلئے جمع کر کے قومی خدمت کی وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور:  وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت احساس پروگرام کے تحت سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے 10ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کر رہی ہے، مخالفین نے سیلاب متاثرین کی امداد کے نام پر بھی صرف سیاست چمکائی ہے۔

Advertisements

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی سے چیئر پرسن پنجاب احساس پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ڈاکٹر یاسمین راشد نے ملاقات کی، چیف سیکرٹری عبداللہ خان سنبل بھی اس موقع پر موجود تھے، ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیراعلیٰ کو پنجاب احساس پروگرام پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں آگاہ کیا، انہوں نے احساس پروگرام کے تحت سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی کیلئے کیے گئے اقدامات بارے بریفنگ دی۔

چودھری پرویزالٰہی نے ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی فلڈ ریلیف پروگرام میں شاندار خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیلی تھون کے ذریعے سیلاب متاثرین کے لئے فنڈز جمع کرنے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، عمران خان نے تنہا اربوں روپے سیلاب متاثرین کیلئے جمع کر کے قومی خدمت کی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اب تک سیلاب متاثرین کی آباد کاری کے لئے 5 ارب روپے خرچ کیے جا چکے ہیں، پنجاب حکومت احساس پروگرام کے تحت سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے 10 ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کر رہی ہے، عمران خان کی ٹیلی تھون سے حاصل ہونے والے فنڈز بھی سیلا ب متاثرین کی بحالی پر صرف کیے گئے ہیں، 36 ہزار متاثرہ خاندانوں کو ادائیگی مکمل کی جا چکی ہے۔

چودھری پرویز الٰہی نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت نے پنجاب کے سیلاب متاثرین کو یکسر تنہا چھوڑے رکھا، مخالفین نے سیلاب متاثرین کے نام پر بھی صرف سیاست چمکائی، گھروں کی تعمیر کے لئے بھی پنجاب حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرین کو مالی معاونت فراہم کی گئی ہے