پنجاب حکومت کا فرح گوگی کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کا اعلان
حکومت پنجاب نے سابق خاتون اوّل بشری بی بی کی سہیلی فرح شہزادی کو وطن واپس لانے کے لیے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کا اعلان کردیا۔
لاہور میں صوبائی وزیر داخلہ عطا تارڑ اور وزیر قانون ملک احمد خان نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فرح گوگی کے خلاف چارج شیٹ جاری کی اور کہا کہ عمران خان انہیں واپس لائیں۔
وزیر داخلہ پنجاب عطا تارڑ نے الزام عائد کیا کہ ’فرح گوگی نے 10 ایکڑ کا انڈسٹریل پلاٹ جو کہ 60 کروڑ روپے مالیت کا تھا وہ صرف 8 کروڑ 30 لاکھ روپے میں اپنے نام کروایا، اُن کے شوہر احسن جمیل نے جعلی بینک گارنٹی لے کر پلاٹ اپنے نام منتقل کروایا جب کہ بشریٰ بی بی بنی گالہ میں بیٹھ کر اس سارے معاملات کو ڈیل کرتی رہیں
انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے چور ہیں، عمران خان کی کرپشن پر تو نیٹ فلیکس سیریز بنے گی کیوں کہ وہ فرح گوگی، بشری بی بی اور جمیل گجر کی ٹرائیکا کے سربراہ عمران خان ہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ عمران خان فرح گوگی اور اس کے خاوند کو واپس لائیں، ہم فرح گوگی کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے جارہے ہیں، آپ کا کوئی ڈاکا 50 کروڑ سے کم کا نہیں، آپ کی کرپشن سامنے آتی ہے تو آپ فوج کو برا بھلا کہنا شروع کردیتے ہیں اور اداروں پر حملے شروع کردیتے ہیں۔