وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی کوٹ مٹھن میں معروف صوفی شاعر حضرت خواجہ غلام فریدؒ کے دربار پر حاضری۔ توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا

Usman Bazdar visit to Khawaja Ghulam Farid in Kot Mithan

+کوٹ مٹھن (نوائے احمد پور شرقیہ رپورٹ/ اتوار، 14 نومبر 2021ء) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کوٹ مٹھن میں معروف صوفی شاعر حضرت خواجہ غلام فریدؒ کے مزار پر حاضری دی اور درگاہ کی اپ گریڈیشن کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار عثمان بزدار نے کہا کہ حضرت خواجہ غلام فریدؒ کے مزار پر زائرین کے لیے سہولیات کی فراہمی پر 7 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دربار حضرت خواجہ غلام فریدؒ کی اپ گریڈیشن کے منصوبے کی مانیٹرنگ کی جائے گی اور اسے جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت خواجہ غلام فریدؒ کے مزار کو اصل حالت میں محفوظ کیا جائے گا۔ دربار پر زائرین کی آرام گاہ و دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

عثمان بزدار نے کہا کہ دربار کی اپ گریڈیشن میں مجلس خانہ و عمارت کی مکمل تزئین و آرائش کے علاوہ لائبریری کا قیام، وضو گاہ کی تعمیر، دربار کے مغربی داخلی راستوں اور صحن کی توسیع شامل ہیں۔

وزیر اعلی نے کہا کہ حضرت خواجہ غلام فریدؒ نے امن اور سلامتی کے پیغام کو پھیلایا۔ موجودہ صورت حال میں حضرت خواجہ غلام فریدؒ کے پیغام کو پھیلانے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔ بزرگان دین نے اپنے کردار اور اخلاق سے لوگوں کو متاثر کیا اور بھائی چارے کا درس دیا۔

وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے حضرت خواجہ غلام فریدؒ کے دربار پر محفل سماع میں شرکت کی۔ معروف قوال نے محفل سماع میں عارفانہ و صوفیانہ کلام پیش کیا۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار اور حاضرین نے فن قوالی کے دل موہ لینے والے انداز کو سراہا۔

دریں اثناء درگاہ حضرت خواجہ غلام فرید میں آمد پر وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو اجرک، فریدی ٹوپی اور جبہ پہنایا گیا۔ وزیر اعلی عثمان بزدار کو خواجہ عامر فرید کوریجہ نے تصنیف ”دیوان فرید”پیش کی۔خواجہ معین الدین کوریجہ نے دعا کرائی۔ مشیر حنیف پتافی، ایم پی اے خرم خان لغاری، سجادہ نشین درگاہ حضرت خواجہ غلام فرید خواجہ معین الدین کوریجہ اور دیگر مشائخ و عظام بھی اس موقع پر موجود تھے۔