عمران خان پاکستان کیلئے لازم و ملزوم , چیئرمین پی ٹی آئی کے کہنے پر پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے میں رتی بھر بھی تاخیر نہیں ہوگی پرویز الٰہی
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے کہنے پر پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے میں رتی بھر بھی تاخیر نہیں ہوگی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ عمران خان پاکستان کیلئے لازم و ملزوم ہیں، ان کے کہنے پر پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے میں رتی بھر بھی تاخیر نہیں ہوگی، پنجاب اسمبلی عمران خان کی امانت ہے اور یہ امانت انہیں دے دی ہے۔
اپنے پیغام میں انہوں نے مزید لکھا کہ عمران خان کے ہر فیصلے کا ساتھ دیں گے، ہم جس کے ساتھ چلتے ہیں، اس کا پورا ساتھ دیتے ہیں، ہم عمران خان کے ساتھ ہیں۔
ایک اور ٹوئٹر پیغام میں چودھری پرویز الٰہی نے لکھا کہ غلط فہمیاں پیدا کرنے والے پہلے کی طرح اب بھی ناکام رہیں گے جبکہ عمران خان پاکستان کیلئے لازم و ملزوم ہیں۔
اپنے سلسلہ وار ٹوئٹ میں وزیراعلیٰ پنجاب نے لکھا کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہو رہا ہو تو گورنر راج بھی نہیں لگ سکتا، اپوزیشن کو مخلصانہ مشورہ ہے کہ وہ بات کرنے سے قبل اسمبلی کے رولز آف بزنس کا مطالعہ کر لیا کریں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ اپوزیشن عدم اعتماد کی تحریک لانے کا شوق پورا کرلیں، پہلے کی طرح پھر ناکامی ہوگی جبکہ پنجاب میں اپوزیشن کو پہلے بھی مار پڑی اور آئندہ بھی مار پڑے گی، اپوزیشن جاگتے میں خواب دیکھ رہی ہے جبکہ یہ تحریک عدم اعتماد کا شوشہ تو چھوڑ سکتے ہیں لیکن ان کے پاس ممبر ہی پورے نہیں۔