آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وطن کے دفاع کو ناقابل تسخیربنایا، پاکستان کیخلاف کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا چودھری پرویز الٰہی
لاہور14 اگست: وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پاکستان کیلئے لاکھوں لوگوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ہماری شناخت پاکستان سے ہے۔پاکستان نہ ہوتا توہماری کوئی شناخت نہ ہوتی۔پاکستان کی مسلح افواج کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وطن کے دفاع کو ناقابل تسخیربنایا ہے۔پاکستان کے خلاف کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کی قیادت میں پاک فوج کی ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اورقیام امن کیلئے خدمات قابل تحسین ہیں۔وہ آج حضوری باغ میں پاکستان کے 75ویں یوم آزادی کی مرکزی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں جنت نظیر ملک عطا کیا ہے۔ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ وطن کو سنوارنے کیلئے اپنے اپنے حصے کا کام کریں۔قائداعظم محمد علی جناحؒ نے بے مثال جدوجہد کر کے الگ وطن حاصل کیا۔ اپوزیشن ہو،تاجر ہو، صنعتکار ہو،سیاستدان ہویاکسی بھی شعبے میں کام کرنے والے افراد ہوں ہم سب کو اپنے ملک کو بہتر کرنے کیلئے محنت سے کام کرنا ہے۔پاکستان نے ہم سب کو بہت کچھ دیا ہے،اب ہم نے اس کا قرض اتارنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی وجہ سے آج ہم عزت اورمقام پر موجود ہیں۔ہمیں شہدائے کشمیر کو بھی نہیں بھولنا،جو اپنے لہو سے آزادی کی شمع روشن کیے ہوئے ہیں۔قائداعظمؒنے کہا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ انشاء اللہ وہ وقت دورنہیں جب کشمیر بنے گا پاکستان۔انہوں نے کہا کہ وطن کی حفاظت اورامن کی خاطر قربانیاں دینے والے سکیورٹی فورسز و پولیس کے افسروں اورجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔پاکستان میں ہر مذہب کے لوگ بستے ہیں۔پاکستان کی تعمیروترقی میں اقلیتی برادری نے بھی کلیدی کردارادا کیا ہے۔اقلیتوں کا احترام ہمارا فرض ہے۔خصوصی بچوں کیلئے میں نے اپنے سابقہ دور میں متعدد ادارے بنائے۔ انشاء اللہ اب خصوصی بچوں کے اداروں میں اضافہ کریں گے۔میں نے اپنے سابق دور میں میٹرک تک تعلیم فری کی،اب گرایجویشن تک تعلیم کو فری کریں گے۔پاکستان کا مستقبل روشن اورتابناک ہے۔پاکستان نے 75برس میں کئی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔عمران خان نے کرکٹ کا ورلڈ کپ جیتا۔ہاکی کے میدان میں پاکستان عالمی سطح پر کئی اعزازات حاصل کرچکا ہے