اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان غیر معمولی ذہانت سیاسی بصیرت اور دور اندیشی کے حامل منجھے ہوئے پارلیمنٹیرین ہیں حسن عسکری شیخ
ریفرنڈم کے حوالےسے انکا حالیہ بیان بہتر طرز حکمرانی اور پنجاب کے عوام کے معیار زندگی کو بلند کرنے کے لیے انکی سنجیدہ سوچ اور غیر متزلزل عزم کا عکاس ہے رکن پنجاب اسمبلی
بہاول پور: پاکستان مسلم لیگ ق کے رکن صوبائی اسمبلی حسن عسکری شیخ نے کہا ہے کہ ملک محمد احمد خان، اسپیکر پنجاب اسمبلی، غیر معمولی ذہانت، سیاسی بصیرت اور دور اندیشی کے حامل ایک منجھے ہوئے پارلیمنٹیرین ہیں۔ وہ ایک ایسے زیرک سیاست دان ہیں جو عوام کی نبض پر ہاتھ رکھتے ہیں، زمینی حقائق سے بخوبی آگاہ ہیں اور عام آدمی کی مشکلات، ضروریات اور امنگوں کا گہرا ادراک رکھتے ہیں۔ ریفرنڈم کے حوالے سے ان کا حالیہ بیان عوامی فلاح و بہبود، بہتر طرزِ حکمرانی، مؤثر عوامی خدمات اور پنجاب کے عوام کے معیارِ زندگی کو بلند کرنے کے لیے ان کی سنجیدہ سوچ اور غیر متزلزل عزم کا عکاس ہے۔ حسن عسکری شیخ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر ملک احمد خان کی شخصیت کا نمایاں وصف یہ ہے کہ وہ روایتی سیاست سے بالاتر ہو کر عوام کی خوشحالی اور پاکستان کے وسیع تر مفاد کو اپنی سیاسی فکر کا محور بناتے ہیں۔

