عالمی یوم سیاحت کے موقع پر پنجاب آرٹس کونسل بہاول پور کے زیر اہتمام مختلف تقاریب
بین الاقوامی شہرت یافتہ فوٹوگرافر طارق سلیمانی کی تصاویر نمائش کے لیے رکھی گئیں اور بہاول پور کی دستکاریوں کوبھی اجاگر کیا گیا
ریت اور آسمان کے درمیان“ کے موضوع پر چولستانی ثقافت پر مبنی معروف آرٹسٹ محمد علی افضل جلوانہ کی پینٹنگز کی نمائش کا اہتمام بھی کیا گیا
چولستان کی سرمائی سیاحت کو فروغ دینے سے تخلیق کاروں کے لیے آمدنی کے ذرائع پیدا ہوں گے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنرر ظہیر انور جپہ کا خطاب
بہاول پور:28 /ستمبر:عالمی یوم سیاحت کے موقع پر پنجاب آرٹس کونسل بہاول پور کے زیر اہتمام مختلف تقاریب کا اہتمام کیا گیاجن میں ڈپٹی کمشنر بہاول پور ظہیر انور جپہ نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر بین الاقوامی شہرت یافتہ فوٹوگرافر طارق سلیمانی کی تصاویر نمائش کے لیے رکھی گئیں اور بہاول پور کی دستکاریوں کوبھی اجاگر کیا گیا۔نیز”ریت اور آسمان کے درمیان“ کے موضوع پر چولستانی ثقافت پر مبنی معروف آرٹسٹ محمد علی افضل جلوانہ کی پینٹنگز کی نمائش کا اہتمام بھی کیا گیا۔ عالمی یوم سیاحت کے موقع پر پنجاب آرٹس کونسل بہاول پور نے اپنے سالانہ ثقافتی کیلنڈر کے اجراء سمیت آرٹس کونسل کی ویب سائٹ کا بھی افتتاح کیا۔ اس موقع پر ادارہ کوتھم، اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور اور پنجاب ٹورازم کی جانب سے سٹالزبھی لگائے گئے۔ ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے عالمی یوم سیاحت کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بہاول پور آرٹ کونسل کی کاوشوں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ چولستان کی سرمائی سیاحت کو فروغ دینے سے تخلیق کاروں کے لیے آمدنی کے ذرائع پیدا ہوں گے اور سیاحت کے بڑھتے ہوئے رجحان سے خطے کے لوگوں کو کاروبار کے بے شمار مواقع حاصل ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا خطہ میں سیاحت کے فروغ کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا اور اس سلسلہ میں تمام متعلقہ ادارے بھرپورکردار ادا کریں۔ تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر فرحانہ قریشی، محمد علی افضل جلوانہ، ڈائریکٹر آرٹس کونسل میاں عتیق احمد، پیر عثمان غنی، ڈاکٹر سلیمان قریشی اور پروفیسر ناجیہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے سیاحت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔