پی ٹی وی اسلام آباد کی ٹیم کا مدیر اعلیٰ روزنامہ نوائے احمدپور شرقیہ احسان احمد سحر سے انٹرویو
انٹرویو آئی ایس پی آر اور پاکستان ٹیلی ویژن کے مشترکہ منصوبے کے تحت تیار ہونے والی دستاویزی فلم کا حصہ، 14 اگست کو یومِ آزادی پر نشر کی جائے گ
پاکستان ٹیلی ویژن اسلام آباد کی ٹیم نے کرنٹ افیئرز پی ٹی وی نیوز کے پروڈیوسر اسد مہدی سیال کی قیادت میں شام کے وقت روزنامہ نوائے احمدپور شرقیہ کے مدیر اعلیٰ احسان احمد سحر کی رہائش گاہ سیٹلائٹ ٹاؤن پہنچ کر ان کا انٹرویو ریکارڈ کیا، جس کا دورانیہ پون گھنٹے سے زائد رہا۔
یہ انٹرویو آئی ایس پی آر اور پاکستان ٹیلی ویژن کے اشتراک سے تیار کی جانے والی ایک دستاویزی فلم کا حصہ ہے جو 14 اگست 2026 کو یومِ آزادی کے موقع پر نشر کی جائے گی۔
مدیر اعلیٰ احسان احمد سحر سے ذوالفقار علی بھٹو مرحوم کے دورِ حکومت سے موجودہ حکومت تک تمام حکومتوں کی کارکردگی، عوام میں ان کی مقبولیت، پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کی صورتحال، ڈیجیٹل میڈیا کے کردار اور فیلڈ رپورٹرز کی کارکردگی کے علاوہ سابق صدر جنرل ضیاء الحق مرحوم کے بستی لال کمال میں طیارہ حادثے سے متعلق متعدد سوالات کیے گئے۔ یہ وہ واقعہ ہے جس کی کوریج انہوں نے بطور منیجر پاکستان پریس انٹرنیشنل، بہاولپور ڈویژن کی تھی، اور اس کے بعض حصے پاکستان ٹیلی ویژن کے آرکائیو کا حصہ ہیں — بشمول جنرل ضیاء الحق مرحوم کا قرآن مجید کا نسخہ جو حادثے میں محفوظ رہا۔ پی پی آئی کی جانب سے جاری کی گئی یہ خبر پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان کے علاوہ ملک کے تمام اخبارات نے شائع کی تھی۔
پروڈیوسر اسد مہدی نے مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی کے تمام ادوار، سابق صدر پرویز مشرف، عمران خان کے دورِ حکومت اور موجودہ حکومت کے علاوہ پاکستان کی یوتھ کے حوالے سے بھی سوالات کیے۔
اس موقع پر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (دستور گروپ) کی فیڈرل ایگزیکٹو کونسل کے رکن ریاض بلوچ، پاکستان ٹیلی ویژن بہاولپور کے نمائندے عبداللہ، اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے ایسوسی ایٹ پروفیسر و چیئرمین شعبہ ایجوکیشنل ٹریننگ ڈاکٹر محمد شاکر بھی موجود تھے۔

