Advertisements

تحریک انصاف نے غیرملکی مراسلے پر کمیشن کا قیام مسترد کردیا

pti-rejects-commission-on-foreign-correspondence
Advertisements

پاکستان تحریک انصاف نے غیر ملکی سازش کے الزام کی تحقیقات کے لیے وفاقی حکومت کے مجوزہ  انکوائری کمیشن کو مسترد کر دیا۔

اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم صرف وہ کمیشن قبول کریں گے جو آزاد عدلیہ کے تحت ہو اور کمیشن کی کارروائی براہ راست دکھائی جائے۔
وفاقی حکومت کے بشریٰ بی بی کی قریبی دوست پر الزامات کے حوالے سے فواد چوہدری نے کہا کہ فرح خان کے خلاف ابھی تک کوئی کیس نہیں بنا سکے، الزام لگا نہیں رہے، پریس کانفرنسیں کر رہے ہیں۔
فواد چوہدری نے مریم اورنگزیب کی پریس کانفرنس پر کہا کہ مریم پریس کانفرنس کرتے ہوئے بہت گھبرائی ہوئی تھیں، مریم اورنگزیب آپ نے گھبرانا نہیں ہے، آپ اتنی غصے میں کیوں ہوتی ہیں؟ آپ کے گھبرانے کا وقت کل کے جلسے کے بعد شروع ہوگا۔
فرح خان کے معاملے پر فواد چوہدری نے کہا کہ فرح پر الزام کوئی نہیں ہے اور اس کے خلاف پریس کانفرنس روزانہ ہورہی ہے، حکومت کو عمران خان کے خلاف کچھ مل نہیں رہا اس لیے ایسے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، اگر فرح خان نے کرپشن کی ہے تو اس پر کیسز کیوں نہیں بنائے جارہے
انہوں نے کہا کہ حکومت کے دو تہائی وزیر ضمانتوں پر ہیں، جب سے یہ حکومت آئی ہے دہشت گردی کے واقعات میں 24 فیصد اضافہ ہوا ہے، دو تہائی وزرا ضمانتوں پر ہیں، پاکستان کا سب سے اہم مسئلہ توانائی بحران ہے، ملک تین ہفتے سےتوانائی کا کوئی وزیر نہیں، وزارتوں کی بندربانٹ کی وجہ سے ملک کرائسزز میں ہے۔
فرخ حبیب نے کہا کہ عدالتی کمیشن کا اعلان بدنیتی پر مبنی ہے، موجودہ حکومت امپورٹڈ سازش کا حصہ ہے، ٰہمارا مطالبہ سپریم کورٹ کے تحت کمیشن کا قیام ہے
یاد رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ کمیشن کا سربراہ ایسا شخص ہو گا جس پر کسی کو شک نہیں ہو گا۔

Advertisements