احمد پور شرقیہ اور اوچ شریف میں پی ٹی آئی کی ریلیاں ایک وکیل سمیت 11 کارکن گرفتار
احمد پور شرقیہ( نامہ نگار) احمد پور شرقیہ اور اوچ شریف میں پاکستان تحریک انصاف کے ایک وکیل شمس خان سمیت 11 کارکنوں کا حراست میں لے لیا گیا- تفصیلات کے مطابق پولیس نے اوچ شریف میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کی ریلی کو منتشر کر دیا اور دو کارکن حراست میں لے لیے جبکہ احمد پور شرقیہ میں پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ امیدوار قومی اسمبلی کنول شوزب کی رہائش گاہ سے ریلی نکالی گئی جو چوک چاچا بستی پر منتشر کرا دی گئی -ریلی میں پی ٹی آئی کی خواتین کے علاوہ پی ٹی آئی کے کارکن شامل تھے جن کی قیادت قومی اسمبلی کی پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ امیدوار کنول شوزب اور ان کی والدہ محترمہ مسز کرنل (ر ) مسعود عزیز وڑائچ نے کی – معلوم ہوا ہے کہ پولیس نے ریلی نکالنے والے پی ٹی آئی کے سات کارکنوں کو اپنے حراست میں لے لیا ہے جبکہ گزشتہ شب بھی پی ٹی آئی کے تحصیل صدر ملک مظفر کریم سٹی صدر ساجد سراج جلوانہ اور دیگر عہدیداروں کی اقامت گاہوں پر بھی پولیس نے چھاپے مارے جہاں ایک کارکن حسام کمبوہ ان کے ہتھے چڑھ گیا جبکہ باقی روپوش ہو گئے ہیں پولیس نے ابھی تک کسی کارکن کو رہا نہیں کیا تاہم ریلی نکالنے والی کسی خاتون کو پولیس نے اپنے حراست میں نہیں لیا -ادھر ٹی وی چینلوں کے نمائندگان نے ریلی کی کوریج کے دوران پولیس پر بدسلوکی کا الزام عائد کیا ہے اور ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ہے