بیرسٹرگوہرکی قیادت میں پی ٹی آئی وفد کی عمران خان سے ملاقات کیلئے پھر اڈیالہ جیل آمد
راولپنڈی( مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی قیادت میں 3 رکنی وفد بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے ایک بار پھر اڈیالہ جیل پہنچ گیا۔ بیرسٹر گوہر کے ہمراہ شبلی فراز اور اسد قیصر بھی اڈیالہ جیل پہنچے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے بیرسٹر گوہر، شبلی فراز اور اسد قیصر کی ملاقات جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ ملاقات میں حکومتی وفد سے ہوئےمذاکرات سے بانی پی ٹی آئی کو آگاہ کیا جا رہاہے۔ اس سے قبل وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹرگوہر اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر سیف کے درمیان مذاکرات ہوئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی رہنماؤں کو اسلام آباد نہ آنے کی درخواست کی گئی اور مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بیلاروس کے سرمایہ کاروں کے ساتھ کل اسلام آباد میں بزنس کانفرنس ہورہی ہے۔ ذرائع نے بتایاکہ پی ٹی آئی کو دھرنے کے لیے پریڈ گراؤنڈ یا پشاور موڑپر جگہ دینے کی پیش کش کی گئی جس کو پی ٹی آئی نے مسترد کردیا۔
ذرائع نے بتایاکہ پی ٹی آئی رہنما بانی پی ٹی آئی کی فوری رہائی کے مطالبے پر قائم ہیں اور مؤقف اپنایاکہ بانی پی ٹی آئی کو فوری رہا نہ کیا تو ڈی چوک پہنچیں گے۔ ذرائع کا کہنا تھاکہ وزیرداخلہ محسن نقوی وزیراعظم کو مذاکرات سے آگاہ کریں گے، حکومت اور تحریک انصاف کے مذاکرات کے اگلے دور بھی ہونے کا امکان ہے۔ خیال رہےکہ خیبرپختونخوا سے آنے والا پی ٹی آئی کا قافلہ بشریٰ بی بی کی قیادت میں اسلام آبادکی حدود میں داخل ہوگیا ہے۔