Advertisements

صوبائی محتسب پنجاب کے ریجنل ایڈوائزر بہاول پور غازی امان اللہ خان کی اراضی ریکارڈ سینٹر خیرپور ٹامیوالی میں کھلی کچہری

Provincial Ombudsman Punjab’s Regional Advisor Bahawalpur, Ghazi Amanullah Khan, held an open court at the Land Record Center in Khairpur Tamewali
Advertisements

عوامی شکایات سنیں اور متعدد مسائل کے حل کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر خیرپور ٹامیوالی محمد شاہد اقبال اور انچارج اراضی ریکارڈ سنٹر محمد بلال بھی موجود تھے


 بہاول پور:10/ نومبر( پریس ریلیز)صوبائی محتسب پنجاب کے ریجنل ایڈوائزر بہاول پور غازی امان اللہ خان نے اراضی ریکارڈ سینٹر خیرپور ٹامیوالی میں کھلی کچہری کے دوران عوامی شکایات سنیں اور متعدد مسائل کے حل کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر خیرپور ٹامیوالی محمد شاہد اقبال اور انچارج اراضی ریکارڈ سنٹر محمد بلال بھی موجود تھے۔ کھلی کچہری میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے مسائل براہِ راست ریجنل ایڈوائزر کے سامنے پیش کیے۔

Advertisements

غازی امان اللہ خان نے عوام کو یقین دہانی کرائی کہ ان کی شکایات پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کی گئیں۔کھلی کچہری میں انجمن تاجران کے نمائندہ نائب صدر کریانہ ایسوسی ایشن ساجد بقا نے عوامی مسائل پیش کیے جن میں تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں ادویات کی کمی، انسولین کی فراہمی میں تعطل، صفائی کی ناقص صورتحال، فلٹر پلانٹس کی بندش اور صاف پانی کی کمی شامل تھیں۔ کھلی کچہری کے دوران ناجائز قبضوں سے متعلق شکایات بھی سامنے آئیں جن پر ریجنل ایڈوائزر صوبائی محتسب نے اسسٹنٹ کمشنر کو فوری کارروائی کرتے ہوئے قبضہ شدہ اراضی واگزار کرانے کی ہدایت کی۔

شہریوں نے شکایت کی کہ لاری اڈا خیرپور ٹامیوالی میں بنیادی سہولیات ناپید ہیں، جبکہ پٹوار خانوں میں رشوت ستانی، ٹریفک اہلکاروں کی کمی اور دیگر مسائل عوام کے لیے مشکلات کا باعث بنے ہوئے ہیں۔ ریجنل ایڈوائزر صوبائی محتسب غازی امان اللہ خان نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ عوامی شکایات کے ازالے اور ریلیف کی فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ عوام کا سرکاری اداروں پر اعتماد بحال ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی محتسب پنجاب کی ہدایت پر تحصیل کی سطح پر مختلف اداروں میں کھلی کچہریوں اور آگاہی سیشنز کا انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ عوامی مسائل کو براہِ راست حل کیا جا سکے۔

ریجنل ایڈوائزر نے بتایا کہ دفترِ صوبائی محتسب پنجاب کی بدولت عوامی شکایات کے فوری ازالے اور شفاف کارروائی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ شہری بغیر کسی فیس کے سادہ کاغذ پر درخواست جمع کروا سکتے ہیں، جبکہ شکایات کے ازالے کا دورانیہ 30 سے 45 دن مقرر کیا گیا ہے۔ شکایت کنندگان کو ایس ایم ایس کے ذریعے کارروائی سے باخبر رکھا جاتا ہے اور دفتر آنے کی ضرورت نہیں رہتی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دفترِ صوبائی محتسب پنجاب کی جانب سے شہریوں کی سہولت کے لیے شکایات سیل کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔