صوبائی وزیر اقلیتی امو ر سرداررمیش سنگھ اروڑہ نے جناح ہال لائبریری میں ہندو برادری کے خاندانوں میں ہولی گرانٹ کے چیکس تقسیم کیے

اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ محمدنوید حیدر، ہندو کمیونٹی اورسماجی شخصیات کی کثیر تعداد اس موقع پر تقریب میں موجود تھی
احمد پور شرقیہ:صوبائی وزیر اقلیتی امو ر سرداررمیش سنگھ اروڑہ کی بہاولپور آمد۔ پنجاب بھر میں 250 سے زائدہندو برادری کے خاندانوں میں ہولی گرانٹ کے چیک کی تقسیم کا عمل کامیابی سے جاری ہے۔اسی سلسلے میں صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سرداررمیش سنگھ اروڑہ نے تحصیل احمد پور شرقیہ کی جناح ہال لائبریری میں منعقدہ ایک تقریب میں ہندو برادری کے خاندانوں میں ہولی گرانٹ کے چیکس تقسیم کیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے وزیراعلیٰ پنجاب کی اقلیت دوست پالیسیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت مذہبی ہم آہنگی اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اقلیتوں کے لیے ”مینارٹی کارڈز” کا اجراء، اقلیتی طلباء کے لیے تعلیمی وظائف، مذہبی مقامات کی بحالی و تزئین و آرائش، اور نوجوانوں کے لیے تربیتی پروگرامز جیسے اقدامات اس حکومت کی سنجیدگی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔سرداررمیش سنگھ اروڑہ نے مزید کہا کہ حالیہ بجٹ میں بھی اقلیتوں کے لیے کئی نئی اسکیمیں متعارف کرائی گئی ہیں، جن میں مینارٹی ویلفیئر فنڈز میں خاطر خواہ اضافہ، اقلیتی خواتین کے لیے ہنر مند پروگرامز اور اقلیتوں کے مذہبی تہواروں پر مالی معاونت شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب اقلیتوں کو معاشی، تعلیمی اور سماجی طور پر بااختیار بنانے کے لیے ہمہ وقت متحرک ہیں اور ان کی قیادت میں پنجاب میں اقلیتوں کو مساوی شہری حقوق کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔اس موقع پراسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ محمد نوید حیدر، ہندو کمیونٹی اورسماجی شخصیات کی کثیر تعداد موجود تھی