صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت کا اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کا دورہ، وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب سے ملاقات

صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت نے کہا ہے کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی اعلیٰ تعلیم اور تدریس و تحقیق میں کامیابیاں انتہائی مثالی ہیں۔ صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب سے ان کے دفتر میں ایک ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی مخدوم سید افتخار حسن گیلانی، آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان، ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب کیپٹن ریٹارئرڈ ظفر اقبال، ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور شیر اکبر اور رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر معظم جمیل بھی موجود تھے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کو انٹرکراپنگ ریسرچ سنٹر منصوبے سے متعلق آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ سویابین اور مکئی سٹریپ انٹرکراپنگ منصوبہ ملکی معیشت میں بہت اہم کردار کا حامل ہو سکتا ہے اور اس منصوبے کی کامیابی سے خوردنی تیل کی درآمد پر خرچ ہونے والے قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہو سکتی ہے۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے گزشتہ دورے کے دوران انٹراکراپنگ ریسرچ سنٹر کا افتتاح کیا تھا۔یہ منصوبہ سی پیک میں شامل کر لیا گیا ہے اور چائنا کی مختلف جامعات سے اس سلسلے میں تعاو ن و اشتراک جاری ہے۔ اس موقع پر نوجوان محقق ڈاکٹر علی رضا نے مصنوعی بارش کے ذریعے چولستان کی لاکھوں ایکٹر بنجر زمین کو آباد کرنے کے منصوبے سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ منصوبہ صحرا ئے چولستان کی آبادکاری کے لیے بہت اہم ہے اور اس پر عملدرآمد کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ انہوں نے مصنوعی بارش کے اس منصوبے کے ذریعے سموگ کے خاتمے میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ بڑے شہروں میں ہونے والے سموگ کے مسئلے کو مصنوعی بارش سے ختم کیا جا سکتا ہے اور یونیورسٹی کے سائنسدانوں کو اس پر تحقیق کرنی چاہیے۔ اس موقع پرو ائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت کو یونیورسٹی میں جاری ترقیاتی منصوبوں خصوصا وفاقی حکومت کے 4ارب روپے مالیت کے میگا منصوبوں اور پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت جاری منصوبوں سے آگاہ کیا۔