لاہور24جنوری:وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور کورکمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا کی زیر صدارت وزیر اعلی آفس میں صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں عام انتخابات کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔الیکشن کمشنر پنجاب،سیکرٹری داخلہ اور دیگر حکام نے الیکشن انتظامات پر بریفنگ دی اوربیلٹ پیپرز کی محفوظ نقل وحمل، پولیس،رینجرز اور فوج کے دستوں کی 3 درجاتی تعیناتی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں پولنگ سٹیشنز کی سیکورٹی، سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب، کنٹرول رومز اور دیگر امور پر غورکیا گیا۔الیکشن کمیشن کے ضابط اخلاق پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔انتخابات کے دوران امن وامان کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔الیکشن سے پہلے،دوران اور بعد میں امن اومان کیلئے مثالی اشتراک کار کی ضرورت پر زوردیا گیا۔الیکشن ڈے پر اسلحے کی نمائش اور نقل وحمل پر سختی سے پابندی پر عملدرآمد کرایا جائے گا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ الیکشن ڈے پر سوشل میڈیا پر شر انگیزی پھیلانے والے عناصر کی مانیٹرنگ کی جائے گی اورگیریژن ایریاز میں سیاسی جلسے، جلوس،جھنڈے اور بینرز کی اجازت نہیں دی جائے گی۔وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ ووٹرز کو پرامن ماحول میں حق رائے دہی کا موقع فراہم کرنے کیلئے تمام تر اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔انتخابات کے پرامن انعقاد کیلئے اشتراک کار کو مثالی بنایا جائے گا۔ سید عامر رضا کور کمانڈر لاہورنے کہا کہ الیکشن کے حوالے سے مختلف محکموں کے قریبی تعاون سے سیکورٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔امن وامان کو یقینی بنانے کیلئے سکیورٹی پر پورا فوکس ہے۔ چیف سیکرٹر ی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس،انتظامیہ اور دیگر اداروں کی رہنمائی کیلئے چیک لسٹ اور ہینڈ بک مہیا کر دی گئی ہے۔اجلاس میں ڈیرہ غازی خان میں حالیہ حملے کو ناکام بنانے کی مشترکہ کاوش کو بھی سراہا گیا اورنیشنل ایکشن پلان کی روشنی میں مشترکہ اہداف کے حصول کیلئے تعاون جاری رکھنے کا عزم کیا گیا۔صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب اعجاز انور چوہان،چیف سیکرٹری،آئی جی پولیس،ڈی جی رینجرز پنجاب، دیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام، سول وعسکری حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔