رمضان المبارک کے دوران عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا
رمضان المبارک کے دوران مہنگائی پر قابو پانے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے بھرپور اقدامات کیے اور گراں فروشوں کو 32 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے ڈپٹی کمشنر بہاولپور
بہاول پور: ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق رمضان المبارک کے دوران عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول کارروائیاں، راشن کی شفاف تقسیم، سستے بازاروں کی مؤثر نگرانی اور دسترخوانوں کے بہترین انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے تاکہ شہریوں اور مستحق افراد کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ رمضان المبارک کے دوران مہنگائی پر قابو پانے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے بھرپور اقدامات کیے اور گراں فروشوں کو 32 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے۔ 42 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 35 ہزار 593 انسپکشنز کیں، جن کے دوران 2 ہزار 343 افراد کو جرمانے کیے گئے، 4 مقدمات درج کیے گئے، 45 دکانیں سیل کی گئیں جبکہ 206 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) بہاولپور کی جانب سے بھی مؤثر کارروائیاں عمل میں لائی گئیں، جن کے تحت 8 ہزار 797 انسپکشنز، 667 چالان اور 24 لاکھ 42 ہزار 500 روپے جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ 4 دکانیں سیل اور 4 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ان کی زیر نگرانی”نگہبان رمضان“ پروگرام کے تحت راشن کارڈز کی تقسیم اور دسترخوانوں کا قیام بھرپور انداز میں جاری ہے۔ ضلع بھر میں مجموعی طور پر 1 لاکھ 56 ہزار 661 کارڈز تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تحصیل خیرپور ٹامیوالی میں سب سے زیادہ 99.1 فیصد جبکہ حاصل پور میں 98.5 فیصد تقسیم ریکارڈ کی گئی۔ ”نگہبان رمضان دسترخوان“کے تحت ضلع بھر میں 12 مقامات پر دسترخوان قائم کیے گئے ہیں جہاں اب تک 57 ہزار 699 افراد کو کھانا فراہم کیا جا چکا ہے۔ نگہبان رمضان دسترخوان کے تحت احمد پور شرقیہ میں 14 ہزار 963، تحصیل بہاولپور سٹی میں 14 ہزار 705، بہاولپور صدر میں 7 ہزار 125، حاصل پور میں 6 ہزار 140، خیرپور ٹامیوالی میں 4 ہزار 366 جبکہ یزمان میں 10 ہزار 400 افراد مستفید ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ لاری اڈا، سول ہسپتال، یزمان اور احمد پور ایسٹ کے مراکز پر روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں افراد کو معیاری کھانا فراہم کیا جا رہا ہے۔

