رستم پاکستان کشتی کے فائنل راؤنڈ میں جنوبی پنجاب کےپہلوان محمد آصف موچی کے ساتھ ناانصافی پر اہل مبارک پور کا احتجاج
مبارک پور(شیراز حیدر) رستم پاکستان کشتی کے فائنل راؤنڈ میں جنوبی پنجاب ریاست بہاولپور کے پہلوان محمد آصف موچی کے ساتھ ناانصافی کرکے رستم پاکستان کا ٹائٹل جانی پہلوان کو دینے پر اہل علاقہ کا احتجاج ،متحدہ مرکزی انجمن تاجران مبارک پور کی طرف سے جانی پہلوان کو بہاولپور اسٹیڈیم میں آکر شفاف طریقے سے ہرانے پر 20 لاکھ نقد انعام دینے کا اعلان۔تفصیل کے مطابق گزشتہ روز لاہور میں ہونے والے رستم پاکستان دیسی کشتی کے فائنل مقابلہ میں حصہ لینے والے مبارک پور کے رہائشی محمد آصف موچی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میں پاکستان آرمی کی نمائندگی کرتے ہوئے جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقہ مبارک پور سے بڑی محنت کرکے فائنل راؤنڈ تک پہنچا ہوں مگر تعصب کی آگ کی وجہ سے میرے ساتھ پاکستان واپڈا کے منصفوں نے ناانصافی کرکے بے ایمانی سے جانی پہلوان جو پاکستان واپڈا کی جانب سے کھیل رہا تھا کو رستم پاکستان کا ٹائٹل دے دیا ۔جبکہ کشتی کے اصول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جانی پہلوان نے میرے کان پر کاٹ کر مجھے زخمی کر دیا جس پر منصف رولز کی خلاف ورزی کرنے پر خاموش رہے ۔اس کے علاوہ ابھی کشتی جاری تھی مخالف پہلوان کو میں نے دبوچا ہوا تھا کہ اسی دوران کمپیئر نے جانی پہلوان کی جیت کا اعلان کر دیا جبکہ مین منصف سابق رستم پاکستان بھولا بھالا کہتا رہا کہ ابھی ہار جیت کافیصلہ نہیں ہوا اس کے باوجود جانی کی جیت کا اعلان کر کے میرے ساتھ ناانصافی کی گئی ہے۔ آصف پہلوان نے چیف آف آرمی سٹاف ،وزیر اعظم پاکستان اور نگران وزیر اعلی پنجاب سے غیر جانبدارانہ ریویو کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔جبکہ متحدہ مرکزی انجمن تاجران مبارک پور کے صدر ملک وحید عباس مسن ، جنرل سیکرٹری خان امین اسلام ،سینئر نائب صدر فراز حیدر خان ودیگر کی طرف سے جانی پہلوان کو بہاولپور اسٹیڈیم میں آکر کر غیر جانب دار منصفوں اور انتظامیہ کی موجودگی میں شفاف طریقے سے محمد آصف موچی کو چت کرنے پر 20 لاکھ روپے نقد رقم دینے کا اعلان کیا ہے۔