Advertisements

ضلع بہاولپور میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ سڑکوں کی بحالی کے لیے 1 ارب 29 کروڑ روپے کے منصوبے تجویز

Proposals worth Rs. 1.29 billion have been submitted for the restoration of roads damaged by the recent floods in District Bahawalpur.
Advertisements

ضلعی رابطہ کمیٹی کا اجلاس کنوینئر و رکن صوبائی اسمبلی میاں شعیب اویسی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں اراکین صوبائی اسمبلی خالد محمود ججہ ، حسن عسکری شیخ ، صاحبزادہ گزین عباسی سید عامر علی شاہ سمیت دیگر نمائندگان نے شرکت کی۔


بہاول پور:10/ نومبر:  سیلاب سے متاثرہ سڑکوں کی بحالی کے لیے 1 ارب 29 کروڑ روپے کے منصوبے تجویز۔ ضلعی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ضلع بہاولپور میں حالیہ سیلاب کے باعث تباہ ہونے والی سڑکوں کی مرمت و بحالی کے لیے 1 ارب 29 کروڑ 42 لاکھ روپے کے منصوبوں کی سفارش کی گئی ہے۔

Advertisements

ضلعی رابطہ کمیٹی  کا اجلاس کنوینئر و رکن صوبائی اسمبلی میاں شعیب اویسی کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس بہاول پور کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں اراکین صوبائی اسمبلی خالد محمود ججہ ، حسن عسکری شیخ ، صاحبزادہ گزین عباسی  سید عامر علی شاہ  سمیت دیگر نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر بہاول پور ڈاکٹر فرحان فاروق، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ فیصل شہزاد، ایگزیکٹو انجینئر ہائی ویز فرخ ممتاز وڑائچ اور ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز نعمان مسعود خان بھی موجود تھے۔اجلاس میں سیلاب سے متاثرہ سڑکوں کی بحالی سے متعلق منصوبے پیش کیے گئے جن کی کنوینئر کمیٹی نے عوامی مفاد میں فوری منظوری کی سفارش کر دی۔

کنوینئر ضلعی رابطہ کمیٹی و رکن صوبائی اسمبلی میاں شعیب اویسی نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ سڑکوں کی مرمت میں تاخیر سے عوامی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے، لہٰذا فنڈز کی فوری فراہمی ناگزیر ہے۔ انہوں نے ایگزیکٹو انجینئر ہائی ویز کو ہدایت کی کہ متاثرہ سڑکوں کی مکمل فہرست حکومت کو فوری طور پر فراہم کی جائے اور فنڈز کے اجرا کے لیے اقدامات تیز کیے جائیں تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ ضلعی رابطہ کمیٹی نے مشترکہ طور پر حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ترقیاتی اور بحالیاتی منصوبوں کے لیے درکار فنڈز فوری طور پر فراہم کیے جائیں تاکہ عوامی فلاح کے منصوبے بروقت مکمل کیے جا سکیں۔

ایگزیکٹو انجینئر (ہائی ویز) بہاولپور فرخ ممتاز وڑائچ نے ضلعی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رواں سال 2025 کے شدید سیلاب کے نتیجے میں ضلع بھر کی 57 سڑکیں بری طرح متاثر ہوئیں جن کی بحالی کے لیے فنڈز کی منظوری ناگزیر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سپرنٹنڈنگ انجینئر، ہائی ویز سرکل بہاولپور نے اس سلسلے میں کمیونیکیشن اینڈ ورکس ڈیپارٹمنٹ لاہور کو تفصیلی درخواست ارسال کر دی ہے تاکہ متاثرہ علاقوں میں ٹریفک کی روانی اور عوامی نقل و حمل کی سہولتیں جلد بحال کی جا سکیں۔ اجلاس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام  برائے مالی سال 2025-26 کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔

\ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ فیصل شہزاد نے بتایا کہ ضلع بھر میں مجموعی طور پر 87 ترقیاتی منصوبے زیر عمل ہیں جن پر 55 کروڑ 59 لاکھ 40 ہزار روپے لاگت آئے گی۔ انہوں نے بتایا کہ 46 غیرمنظور شدہ منصوبوں میں سے 32 منصوبے منظور ہو چکے ہیں جبکہ مزید 14 منصوبے منظوری کے مراحل میں ہیں۔ ان منصوبوں کی سمریاں متعلقہ محکموں کو ارسال کی جا چکی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جون 2025 تک 12 کروڑ 68 لاکھ روپے خرچ کیے جا چکے ہیں جبکہ موجودہ مالی سال کے لیے 9 کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ کنوینئر ضلعی رابطہ کمیٹی میاں شعیب اویسی نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے اور اسکیموں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیرمنظور شدہ اسکیموں کی سمریاں فوری طور پر صوبائی حکومت کو ارسال کی جائیں تاکہ ان کی منظوری جلد از جلد حاصل کی جا سکے اور عوامی فلاح کے منصوبے تاخیر کا شکار نہ ہوں۔