کھیلوں کی صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ سے نوجوانوں کو سماجی برائیوں سے روکنے میں مدد ملے گی،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کاکراچی ٹیپ بال پریمیئر لیگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب
اسلام آباد۔24نومبر: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کھیلوں کی صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ سے نوجوانوں کو سماجی برائیوں سے روکنے میں مدد ملے گی،شائقین کی دلچسپی برقرار رکھنے کے لئے کرکٹ سمیت مختلف کھیلوں میں بتدریج تبدیلیاں آئی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں منعقدہ کراچی ٹیپ بال پریمیئر لیگ کی ایوان صدر میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صدر مملکت نے اس موقع پر ٹورنامنٹ کے لوگو اور ٹرافی کی رونمائی بھی کی۔صدر مملکت نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کرکٹ کے ہیرو ہیں ، انہوں نے کرکٹ میں بھی اصولوں اور کردار سازی کو فروغ دیا۔ انہوں نے کہاکہ بچپن میں کرکٹ کھیلنے کا شوق تھا جاوید میانداد ، ہارون رشید اور توصیف احمد جیسے کھلاڑیوں نے اس دور میں شاندار کرکٹ کھیلی ، جاوید میانداد نے یادگار چھکا لگا کر پاکستان کو فتح دلوائی۔ انہوں نے کہاکہ میچ فکسنگ کے باوجود کرکٹ میں دلچسپی برقرار رہی ، اب کرکٹ کا انداز بدل گیا ہے ، شائقین کی دلچسپی برقرار رکھنے کے لئے کرکٹ سمیت مختلف کھیلوں میں بتدریج تبدیلیاں آئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد اچھا اقدام ہے ، مقامی سطح پر ہاکی اور کرکٹ کے مقابلوں سے مثبت سرگرمیوں کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔ صدر مملکت نے کہاکہ نوجوانوں کے درمیان کھیلوں کے صحتمندانہ مقابلوں کا ہونا ضروری ہے ، نوجوانوں میں کھیلوں کی صحتمندانہ سرگرمیوں سے سماجی برائیوں کو روکنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ کھیل ہمیں نظم و ضبط سکھاتا ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہاکہ بدقسمتی سے ماضی میں کھیلوں کو نظر انداز کیا گیا تاہم موجودہ حکومت کے اقدامات کے باعث اب یہ ترقی کی راہ پر گامزن ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان خود سپورٹس مین ہیں ان کے وڑن کے تحت سپورٹس پالیسی بنائی ہے ، کابینہ سے منظوری کے بعد اس سپورٹس پالیسی سے کھیلوںمیں نمایاں بہتری آئے گی ، کھیلوں میں پاکستان کا نام استعمال کرنے والوں کو اس سپورٹس پالیسی پر عمل کرنا ہوگا۔ انہوں نے ٹیپ بال ٹورنامنٹ کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہاکہ اس طرز کے ٹورنامنٹ کو ملکی سطح پر توسیع دینی چاہئے ، دیہی علاقوں کے نوجوانوں میں بڑی صلاحیتیں ہیں ، نوجوانوں اور خواتین کو کھیلوں کی سرگرمیوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع ملنے چاہئیں۔ انہوں نے کہاکہ کاروباری اداروں کو سی ایس آر کے تحت کھیلوں کے فروغ کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ وفاقی وزیر برائے ریلوے سینیٹر اعظم سواتی نے کہاکہ کھلاڑی بیرون ملک ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرتے ہیں۔ کراچی میں ریلوے کی زمین پر 2کرکٹ گراﺅنڈ بنائے جائیں گے۔ سابق کپتان لیجنڈ کرکٹر جاوید میاں داد نے کہاکہ کراچی میں کھیلوں کے میدان کم ہیں جس کے باعث بچوں کے لئے مثبت سرگرمیوںکے مواقع کم ہیں ،کراچی شہر میںکھیلوں کے میدانوں میں اضافہ کرنا چاہئے۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر ہارون رشید نے کہاکہ اس ٹورنامنٹ میں 8ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور یہ ٹورنامنٹ محلہ کی بنیاد پر منعقد کیا جارہاہے۔